ہومبریکنگ نیوزوفاقی وزیر مذہبی امور کی اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی سے ملاقات، بین المذاہب ہم آہنگی پر تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر مذہبی امور کی اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی سے ملاقات، بین المذاہب ہم آہنگی پر تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے اقوام متحدہ کے اتحاد برائے تہذیبوں (یونیسکو) کے خصوصی ایلچی برائے انسداد اسلاموفوبیا میگوئیل موراتینوس نے ملاقات کی، جس میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحانات، مذہبی عدم برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران مختلف تہذیبوں اور مذاہب کے درمیان مکالمے، باہمی تعاون، سماجی ہم آہنگی اور یکجہتی کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے اتحاد برائے تہذیبوں کے ساتھ مل کر مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر مسلم شہریوں کے لیے تعلیمی اداروں میں داخلوں، سرکاری ملازمتوں اور منتخب اسمبلیوں میں نمائندگی کا کوٹہ مختص ہے۔ بین المذاہب ہم آہنگی ونگ کے ذریعے غیر مسلم عبادت گاہوں کی مرمت و بحالی اور اقلیتی طلبہ کو تعلیمی وظائف بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

سردار محمد یوسف نے بتایا کہ اقلیتوں کے حقوق اجاگر کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ہر سال 11 اگست کو مینارٹی ڈے منایا جاتا ہے، جبکہ پاکستان میں آباد تمام مذاہب کے سرکردہ رہنماں کی مشاورت سے بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی بھی منظور کی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی سرپرستی میں غیر مسلم برادری کے مذہبی تہواروں اور بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنسوں کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین، اسلامی تعلیمات اور قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی مکمل ضمانت دیتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے بھارت میں غیر ہندو اقلیتوں کی حالت زار اور مذہبی آزادی پر عائد پابندیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔اس موقع پر اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی میگوئیل موراتینوس نے کہا کہ مذہب اور تہذیب کی بنیاد پر نفرت، انتہا پسندی اور جنگ کے تدارک کے لیے عالمی سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کی مسجد پر ہونے والے حملے کو اسلاموفوبیا کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ہدایت پر ستمبر 2019 سے دنیا بھر میں عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔