Tuesday, June 23, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ ترینپاکستان نے ایران۔امریکا مذاکرات میں تاریخی کردار ادا کیا، 60 روز میں مستقل معاہدے کی امید: وزیراعظم

پاکستان نے ایران۔امریکا مذاکرات میں تاریخی کردار ادا کیا، 60 روز میں مستقل معاہدے کی امید: وزیراعظم

اسلام آباد: (آئی پی ایس) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران۔امریکا مذاکرات میں تاریخی کردار ادا کیا، جبکہ 60 روز میں مستقل معاہدے کی امید ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج ایک تاریخی دن ہے اور وہ قومی معاملات پر ایوان کو اعتماد میں لینا چاہتے ہیں، پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے اور بین الاقوامی سطح پر سفارتی کوششیں مسلسل جاری ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ بین الاقوامی پیشرفت خطے کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے اور پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات، سفارتکاری اور پرامن حل کی حمایت کی ہے، پاکستان نے قومی مفاد کے تحفظ کے ساتھ ساتھ علاقائی امن کے لیے بھی ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی، جبکہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان فاصلے کم کرنے اور مذاکرات کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا، مذاکرات مثبت ماحول میں ہوئے اور فریقین نے 60 روز میں حتمی معاہدے کے لیے ایک روڈ میپ پر اتفاق کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خلوص نیت اور سنجیدگی کے ساتھ سفارتی کوششیں کیں، مذاکراتی عمل دن رات جاری رہا اور تمام متعلقہ فریقوں کے اتفاق سے مشترکہ اعلامیہ تیار کیا گیا، جس کی بعد ازاں توثیق بھی کی گئی۔
وزیراعظم کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی ہو چکی ہے جبکہ آئندہ 60 روز کے دوران تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری رہیں گے، ان مذاکرات میں جوہری پروگرام، بیلسٹک میزائل پروگرام، پابندیوں میں نرمی اور منجمد اثاثوں سمیت اہم امور زیرِ بحث آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی کم ہوئی ہے اور ملک نے امن و استحکام کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے، اگر مذاکرات کامیاب رہے تو 60 روز کے اندر مفاہمتی یادداشت ایک مستقل اور دیرپا معاہدے کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔

وزیراعظم نے پوری قوم، پارلیمنٹ اور اپوزیشن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مذاکراتی عمل میں تاریخی کردار ادا کیا ہے اور عالمی سطح پر ملک کے مثبت کردار کو سراہا جا رہا ہے، انہوں نے اس پیشرفت کو پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایرانی صدر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں، یہ دورہ پاکستان کی دعوت پر ہو رہا ہے جس کے دوران دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، علاقائی امن اور استحکام سمیت مختلف امور پر اہم ملاقاتیں اور مشاورت ہوگی، وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ مضبوط اور دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔