Monday, June 22, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومبریکنگ نیوزپاسپورٹ دفاتر میں نقد فیس وصولی کا نظام ختم کرنے کا فیصلہ، یکم جولائی سے صرف کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی ہوگی

پاسپورٹ دفاتر میں نقد فیس وصولی کا نظام ختم کرنے کا فیصلہ، یکم جولائی سے صرف کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی ہوگی

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی ہدایات کی روشنی میں، ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں تمام زونل سربراہان اور سینئر افسران کا ایک اہم اجلاس طلب کیا۔

WhatsApp Image 2026 06 22 at 2.22.01 PM 2


اجلاس میں آئندہ اقدامات، ان کے نفاذ کے روڈ میپ اور پاسپورٹ درخواست گزاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل نے زونل سربراہان سے تجاویز بھی طلب کیں تاکہ عوام کو پاسپورٹ خدمات کی فراہمی کو مزید آسان، تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔
اجلاس کے دوران آگاہ کیا گیا کہ یکم جولائی 2026ء سے ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں نقد فیس وصولی کا نظام ختم کر دیا جائے گا اور صرف کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی قبول کی جائے گی، جس سے شفافیت اور سہولت میں مزید اضافہ ہوگا۔

WhatsApp Image 2026 06 22 at 2.22.01 PM 1


اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس جلد ہی پاسپورٹ موبائل ایپ” متعارف کروا رہا ہے، جس کے ذریعے پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی شہری گھر بیٹھے پاسپورٹ کی درخواست جمع کرواسکیں گے۔
مزید برآں پاسپورٹ درخواست گزار اپنا پاسپورٹ اپنی دہلیز پر وصول کر سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے ٹی سی ایس اور ڈی ایچ ایل کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں ۔اس اقدام سے پاسپورٹ دفاتر میں رش میں نمایاں کمی آئےگی۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس آیندہ سے صرف ای پاسپورٹس جاری کرے گا تاکہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس (MRPs) سے ای پاسپورٹ کی جانب منتقلی کو ICAO کی ہدایات کے مطابق مؤثر اور مرحلہ وار انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

اس موقع پر واضح کیا گیا کہ موجودہ تمام مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس اپنی مقررہ مدت تک بین الاقوامی سفر کے لیے مکمل طور پر قابلِ استعمال اور قابلِ قبول رہیں گے۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نادرا مراکز میں پاسپورٹ خدمات کی فراہمی کے لیے سافٹ ویئر کی تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔ اس نظام کے نفاذ کے بعد ملک بھر میں قائم نادرا مراکز کے ذریعے بھی پاسپورٹ درخواستیں جمع کروائی جا سکیں گی، جس سے شہریوں کو مزید سہولت میسر آئے گی۔

ڈائریکٹر جنرل نے تمام زونل سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ پاسپورٹ دفاتر کے اطراف سرگرم ایجنٹ مافیا کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کریں اور اپنے زونز میں فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی ایف آئی اے کے ڈائریکٹرز کے ساتھ قریبی رابطہ اور تعاون کو یقینی بنائیں۔

WhatsApp Image 2026 06 22 at 2.22.01 PM

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ زونل سربراہان اپنے علاقوں میں واقع پاسپورٹ دفاتر کے باقاعدہ دورے کریں اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے ٹھوس، مؤثر اور قابلِ عمل اقدامات کو یقینی بنائیں۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا ادارہ وفاقی وزیرِ داخلہ کے وژن کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو تیز، شفاف اور سہل خدمات کی فراہمی کے لیے اپنی اصلاحاتی کاوشیں جاری رکھے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔