جنیوا (آئی پی ایس )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز جمعے سے مکمل طور پر بحال کردی جائے گی اور اس راستے سے گزرنے والے بحری جہازوں پر کسی قسم کا ٹول ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا۔
جی سیون اجلاس کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات کے بعد امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہاکہ ایران کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا متن جلد منظر عام پر لایا جائے گا، جبکہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ایران کے ساتھ طے پانے والی ڈیل کے دوسرے مرحلے سے متعلق پیشرفت بھی جلد متوقع ہے اور مفاہمتی یادداشت میں واضح طور پر درج ہے کہ ایران جوہری ہتھیاروں کا مالک نہیں بنے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہاکہ آبنائے ہرمز میں کسی قسم کا ٹول ٹیکس نافذ نہیں ہوگا اور یہ آبی گزرگاہ جمعے سے مکمل طور پر بحری آمدورفت کے لیے کھول دی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ 60 روزہ مدت گزرنے کے بعد بھی آبنائے ہرمز ٹول ٹیکس کے بغیر ہی کھلی رہے گی۔ ان کے مطابق ایران کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا متن جائزے کے لیے امریکی کانگریس کو بھی بھجوایا جائے گا۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی بنیادی اور مرکزی شرط صرف ایک ہے کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔انہوں نے کہاکہ ایران کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے حوالے سے جلد ایک پریس کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔
صدر ٹرمپ نے مزید بتایا کہ ایران کے جوہری ذخائر کی فضائی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ان کے بقول امریکا کا مقصد ایرانی جوہری ذخیرے پر قبضہ کرنا نہیں بلکہ اسے تباہ کرنا ہے تاکہ ایران کے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے امکانات کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
آبنائے ہرمز جمعے سے مکمل کھل جائیگی، کوئی ٹول ٹیکس عائد نہیں کیا جائیگا، ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

