اسلام آباد(آئی پی ایس) گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات 2026 کے لیے استحکام پاکستان پارٹی نے اپنے انتخابی منشور کا اعلان کر دیا ہے، جس میں علاقے کی ترقی، انفراسٹرکچر، توانائی، سیاحت اور ڈیجیٹل رابطوں کے فروغ سے متعلق متعدد اہم منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔
پارٹی کے انتخابی منشور میں دیامر بھاشا ڈیم کی تکمیل، چھوٹے ہائیڈرو ڈیمز کی تعمیر، گندم کی فراہمی کو یقینی بنانا، گلگت بلتستان کو توانائی سرپلس زون بنانے اور فور جی و فائیو جی انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی جیسے منصوبے شامل ہیں۔
منشور کے مطابق شاہراہ قراقرم کو 4 لین کرنے، گلگت تا سکردو ڈوئل کیرج وے کی تکمیل، سیاحت کے فروغ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
استحکام پاکستان پارٹی پہلی مرتبہ گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات میں حصہ لے رہی ہے اور پارٹی کے 14 امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ عوامی خوشحالی، ترقی اور بہتر طرز حکمرانی کے ایجنڈے کے تحت بھرپور انتخابی مہم چلائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے لیے پولنگ 7 جون کو ہوگی جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔

