اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے یومِ تکبیر کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی پاکستان کی تاریخ کا ایک عظیم اور ناقابلِ فراموش دن ہے، جب وطنِ عزیز نے کامیاب ایٹمی دھماکوں کے ذریعے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان ایک خودمختار، مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ایٹمی طاقت ہے۔
انہوں نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یومِ تکبیر صرف ایک تاریخی دن نہیں بلکہ قومی اتحاد، قربانی اور عزمِ صمیم کی روشن علامت ہے۔ یہ دن پوری قوم کو یہ سبق دیتا ہے کہ جب قیادت اور عوام ایک مقصد پر متحد ہوں تو کوئی طاقت پاکستان کی ترقی اور پیش رفت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔
چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی کامیابی میں کردار ادا کرنے والی سیاسی و عسکری قیادت، سائنسدانوں، انجینئرز اور متعلقہ اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بالخصوص سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دور اندیش قیادت نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور ایک مضبوط و محفوظ پاکستان کے خواب کو قومی مشن کی شکل دی۔
انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملکی تاریخ کے ایک اہم مرحلے میں پاکستان کی تزویراتی صلاحیتوں کے فروغ اور تحفظ کے لیے ثابت قدم کردار ادا کیا۔ بین الاقوامی دباؤ اور علاقائی چیلنجز کے باوجود انہوں نے پاکستان کے ایٹمی اور میزائل پروگرام کے تسلسل اور استحکام کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی بصیرت، جرات اور قومی مفادات کے لیے غیر متزلزل عزم نے پاکستان کی تزویراتی ترقی اور قومی سلامتی کو مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ 28 مئی 1998 کو سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے دورِ حکومت میں کیے گئے کامیاب ایٹمی دھماکے کئی دہائیوں پر محیط قومی جدوجہد، عزم اور قربانیوں کا ثمر تھے۔ انہوں نے کہا کہ شدید بین الاقوامی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کرنے کا تاریخی فیصلہ پاکستان کی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا مظہر تھا۔ ان دھماکوں نے جنوبی ایشیا میں تزویراتی توازن قائم کیا اور دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کے دفاع اور آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو درپیش معاشی اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھی اسی قومی اتحاد، یکجہتی اور عزم کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ قوم نے یومِ تکبیر کے موقع پر کیا تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی سلامتی، دفاع اور استحکام کے معاملات پر تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ تعلیم، تحقیق، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو مزید مضبوط، ترقی یافتہ اور باوقار ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
آخر میں چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ محفوظ، خوشحال اور مستحکم رکھے، اسے ہر قسم کے اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ فرمائے اور اسے دنیا میں امن، ترقی اور استحکام کی علامت بنائے۔
پاکستان زندہ باد

