Monday, May 25, 2026
spot_img
ہومدنیاچین پاکستان کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مضبوط حمایت کرتا ہے، چینی صدر

چین پاکستان کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مضبوط حمایت کرتا ہے، چینی صدر

بیجنگ : چینی صدر شی جن پھنگ سے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چین کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی۔

پیر کے روز شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سالوں میں دونوں ممالک نے باہمی افہام و تفہیم ، باہمی اعتماد اور باہمی حمایت کو فروغ دیا ہے، جس سے ایک مضبوط روایتی دوستی قائم ہوئی ہے اور دونوں فریقوں کے درمیان باہمی اسٹریٹجک اعتماد اور عملی تعاون نے اپنے اپنے ممالک کی ترقی کو مؤثر طریقے سے فروغ دیا ہے۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ بین الاقوامی حالات چاہے کیسے بھی بدلیں، چین ہمیشہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ اپنی سفارت کاری میں چین پاکستان تعلقات کی ترقی کو ترجیح دے گا۔انہوں نے کہا کہ فریقین کو نئے عہد میں مزید قریب چین پاکستان ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو تیز کرنا چاہیے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ہمہ موسمی تعاون کے مزید نتائج برآمد ہوں، دونوں ممالک کے عوام کو بہتر فوائد پہنچیں ، علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے میں کردار ادا کیا جا سکے اور خطے میں ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لیے ایک مثال قائم کی جا سکے۔

شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مضبوط حمایت کرتا ہے اور پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطحی تبادلوں کو برقرار رکھنے،ا سٹریٹجک روابط کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعلقات کی ترقی میں درست سمت کی رہنمائی کے لیے تیار ہے۔ دونوں فریقوں کو چین پاکستان ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لیے ایکشن پلان میں ٹھوس پیش رفت کرنی چاہیے، بڑے تاریخی منصوبوں اور “چھوٹے لیکن خوبصورت” روزگار کے منصوبوں کی تعمیر میں ہم آہنگی پیدا کرنی چاہیے، اور زراعت، صنعت، مصنوعی ذہانت، ہنرمندوں کی تربیت سمیت دیگر شعبوں میں ہمہ جہت تعاون کو گہرا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں کو اعلیٰ سطحی اور وسیع تر سکیورٹی تعاون کرنا چاہیے اور علاقائی امن اور استحکام کا مشترکہ تحفظ کرنا چاہیئے۔

صدر شی جن پھنگ کا کہنا تھا کہ چین ،مشرق وسطیٰ میں امن کی بحالی میں ثالثی پر پاکستان کے فعال کردار کو سراہتا ہے۔ دونوں فریقوں کو قریبی رابطے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے ، مشترکہ طور پر یکطرفہ پسندی اور سرد جنگ کی ذہنیت کی مخالفت اور ایک منصفانہ اور منظم کثیر قطبی دنیا اور جامع اقتصادی عالمگیریت کو فروغ دینا چاہیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ پاکستانی عوام اور دنیا کے تمام امن پسند لوگوں کے عظیم دوست ہیں۔ صدر شی جن پھنگ کی مضبوط قیادت میں چین کی معیشت نے غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں، جو عالمی امن کا تحفظ اور کثیر قطبی دنیا کی تعمیر کے لیے مضبوط ضمانت فراہم کرتی ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان آہنی دوستی دونوں ممالک کے درمیان نسل در نسل دوستی کا ثبوت ہے اور یہ ایسی دوستی ہے جو وقت کی کسوٹی پر پورا اتری ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک چین کے اصول پر مضبوطی سے عمل پیرا ہے، چین کے مرکزی مفادات سے متعلق تمام معاملات پر چین کے موقف کی مضبوط حمایت کرتا ہے اور ہمیشہ چین کا ایک اچھا دوست اور شراکت دار رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھترویں سالگرہ منانے، حکمرانی میں چین کے تجربے سے سیکھنے، بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت تعاون کو گہرا کرنے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر کو آگے بڑھانے اور پاک چین تعلقات کی ترقی کو مسلسل فروغ دینے نیز دونوں ممالک کے عوام کو فوائد پہنچانے کے لیے تیار ہے۔ پاکستان ، امریکہ- ایران مذاکرات میں پاکستان کی ثالثی پر چین کی حمایت کا شکریہ ادا کرتا ہے۔

پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر صدر شی جن پھنگ کی چار نکاتی تجاویز امن کے حصول کے لیے رہنما فریم ورک فراہم کرتی ہیں ۔ پاکستان عالمی امن اور استحکام کے فروغ میں چین کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے تیار ہے۔
25 مئی کی دوپہر، چین کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بیجنگ کے تھیان آن من اسکوائر پر عوامی ہیروز کی یادگار پر حاضری دی اور پھولوں کا نذرانہ پیش کیا ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔