بیجنگ :چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نِینگ نے یومیہ پریس کانفرنس میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین کا ہمیشہ سے یہ مؤقف رہا ہے کہ مسائل کے حل کا صحیح راستہ بات چیت اور مذاکرات ہیں، طاقت کا استعمال کسی مسئلے کا حل نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ جب بات چیت کے دروازے کھلے ہیں تو انہیں دوبارہ بند نہیں ہونا چاہیے، صورتحال کو پرامن رکھنے کے رجحان کو مستحکم کرنا چاہیے، سیاسی حل کی سمت پر قائم رہنا چاہیے، بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے تمام فریقوں کی تشویش کا حل نکالنے کے لیے اقدامات کرنے چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جلد از جلد بحری راستہ دوبارہ کھولنا چاہیے اور بین الاقوامی برادری کی آواز پر مثبت جواب دینا چاہیے، عالمی صنعتی اور سپلائی چین کے استحکام کو مشترکہ طور پر برقرار رکھنا چاہیے۔ دیرپا اور مکمل طور پر جنگ بندی ہونی چاہیے، اور مشرق وسطیٰ کے حالات کو جلد امن اور استحکام کی جانب لانا چاہیے۔
