Sunday, May 24, 2026
ہومپاکستانسمیڈا اور علی بابا گروپ میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

سمیڈا اور علی بابا گروپ میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

چین(آئی پی ایس ) معاونِ خصوصی وزیرِ اعظم برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی موجودگی میں سمیڈا اور علی بابا گروپ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد ڈیجیٹل تجارت کو فروغ دینا اور پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز)کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیرِ اعظم کے وژن کے مطابق حکومت ایس ایم ای سیکٹر کی ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباروں کو ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے بین الاقوامی منڈیوں سے جوڑنا حکومت کی اہم ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ علی بابا گروپ کے ساتھ اشتراک سے نوجوانوں، کاروباری افراد اور اسٹارٹ اپس کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ اس سے پاکستان میں برآمدات اور ڈیجیٹل تجارت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ ایس ایم ای سیکٹر قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور حکومت کاروبار دوست پالیسیوں کے ذریعے سرمایہ کاری، برآمدات اور صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے سمیڈا اور علی بابا گروپ کے درمیان شراکت داری کو پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی کاروباری روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔دستخطی تقریب میں سیکریٹری صنعت و پیداوار سیف انجم اور ایڈیشنل سیکریٹری صنعت و پیداوار بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔