اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے کہ پاکستان سفارتی، اقتصادی اور اسٹریٹجک شراکت داریوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے عالمی سطح پر فعال روابط کو فروغ دے رہا ہے جبکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت گزشتہ سال 6 ارب ڈالر سے بڑھ کر اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اوربرطانیہ کے تعلقات میں استحکام، معاشی اوراسٹریٹجک تعاون کے نئے دورکا آغاز ہوچکا ہے، پاکستان سفارتی، اقتصادی اور اسٹریٹجک شراکت داریوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے عالمی سطح پر فعال روابط کو فروغ دے رہا ہے۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور برطانوی قومی سلامی کے مشیر جوناتھن پاول کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں سیکیورٹی، تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا، برطانیہ نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان معاشی تعلقات مضبوط ہیں اور برطانیہ یورپ میں پاکستان کا اہم ترین اقتصادی شراکت دار ہے، برطانیہ کی 200 سے زائد کمپنیاں پاکستان میں فعال ہیں اور مجموعی سرمایہ کاری 910 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کی تیسری بڑی برآمدی منڈی ہے اور برطانوی کمپنیوں کی موجودگی پاکستانی معیشت پر اعتماد کی عکاس ہے۔برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت گزشتہ سال 6 ارب ڈالر سے بڑھ کر اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور برطانوی کمپنیاں پاکستان میں روزگار، ٹیکنالوجی منتقلی، ٹیکس ریونیو اور برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان یہ مضبوط اشتراک پائیدار ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی استحکام کی بنیاد مزید مستحکم کر رہا ہے۔
