Thursday, May 21, 2026
ہومبریکنگ نیوزوزیراعظم شہباز شریف کا پرنس رحیم آغا خان کے اعزاز میں خصوصی ناشتے کا اہتمام

وزیراعظم شہباز شریف کا پرنس رحیم آغا خان کے اعزاز میں خصوصی ناشتے کا اہتمام

اسلام آباد: (آئی پی ایس) وزیراعظم شہباز شریف نے عزت مآب پرنس رحیم آغا خان کے پہلے سرکاری دورۂ پاکستان کے موقع پر اُن کے اعزاز میں ناشتے کی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔
وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے امن، استحکام اور حکومتوں و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعمیری روابط کے فروغ کے لیے اُن کے عزم کو سراہا، انہوں نے ان مقاصد کے لیے پاکستان کے مشترکہ عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو اجاگر کرتے ہوئے دیہی ترقی، صحت، تعلیم، قدرتی آفات سے نمٹنے، ماحولیاتی تبدیلی سے مطابقت، قابلِ تجدید توانائی، ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت اور نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے شعبوں میں اے کے ڈی این کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے خصوصاً گلگت بلتستان اور چترال کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں اے کے ڈی این کے مؤثر کردار کو سراہا اور تنظیم کو پاکستان میں اپنی شراکت داری مزید وسعت دینے کی ترغیب دی۔

وزیراعظم نے آغاہ خان یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کو بھی سراہتے ہوئے صحت اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں اس کی نمایاں خدمات کا ذکر کیا۔

ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، خصوصاً گلیشیئرز سے متاثرہ شمالی علاقوں میں ماحولیاتی استحکام کے فروغ کے لیے اے کے ڈی این ایک قدرتی اور قابلِ اعتماد شراکت دار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا پاکستان کے دورے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اُن کا دوسرا گھر رہے گا، ان کے دورے پاکستان اور اسماعیلی برادری کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے اسلام آباد مذاکرات کے لیے سرینا ہوٹل بلا معاوضہ فراہم کرنے پر پرنس رحیم آغا خان پنجم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے مرحوم کے عزت مآب پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے لیے اُن کی تقریباً سات دہائیوں پر محیط خدمات اور انسانی فلاح کے اقدامات کو خراجِ عقیدت پیش کیا، اس موقع پر انہوں نے مرحوم آغا خان چہارم کی خدمات کے اعتراف میں جاری کردہ یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی پیش کیا۔

پرنس رحیم آغا خان پنجم نے پاکستان میں پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انسانی ترقی کے مختلف منصوبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔