Wednesday, May 20, 2026
ہومبریکنگ نیوزایک سو نوے ملین پاؤنڈ کیس، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر اہم پیش رفت

ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کیس، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر اہم پیش رفت

اسلام آباد:(سب نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کی۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ وکیل سلمان صفدر بیرون ملک ٹوکیو میں طبی معائنے کے باعث کچھ ہفتوں تک دستیاب نہیں ہوں گے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ اگر سلمان صفدر دستیاب نہیں تو کوئی اور وکیل اپیلوں پر دلائل دے سکتا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ گزشتہ سماعت میں ملاقات کرانے کا حکم دیا گیا تھا، اس دوران وکالت نامے پر دستخط کیوں نہیں کروائے گئے۔ اس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی عدالت کی تحویل میں ہیں لیکن انہیں وکالت نامے فراہم نہیں کیے جا رہے، جس کے باعث وہ سزا معطلی کی درخواست مسترد ہونے کے فیصلے کو چیلنج نہیں کر پا رہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اپیلیں پہلے ہی دائر کی جا چکی ہیں جن پر انگوٹھے اور وکالت نامے موجود تھے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس وقت اپیلوں کی سماعت کے لیے بیٹھی ہے لیکن دلائل کا آغاز نہیں کیا جا رہا۔

عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے وکالت نامے پر دستخط کروا کر فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ بعد ازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر وکلا اپیلوں پر دلائل کا آغاز کریں، بصورت دیگر قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔