Tuesday, May 19, 2026
ہومکامرسبزنس کمیونٹی ملکی برآمدات میں اضافے اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہے، عاطف اکرام شیخ

بزنس کمیونٹی ملکی برآمدات میں اضافے اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہے، عاطف اکرام شیخ

بزنس کمیونٹی کے لینڈ پورٹس سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے فوکل پرسن مقرر کیا جائے گا، لیفٹیننٹ جنرل (ر) حسن اظہر حیات

پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی کے ایم ڈی حسن اظہر حیات نے ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کا دورہ، صدر عاطف اکرام شیخ سے ملاقات

اسلام آباد (سب نیوز) پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی کے ایم ڈی لیفٹیننٹ جنرل (ر) حسن اظہر حیات نے ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کا دورہ کیا صدر عاطف اکرام شیخ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق جدون، چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک، چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین، میاں زاہد حسین و دیگر بزنس رہنما بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ایف پی سی سی آئی اور پورٹ لینڈ اتھارٹی کے درمیان بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے تمام اداروں کو مشترکہ کوششیں کرنی چاہیے، سرحدی گذرگاہوں پر مال اور افراد کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کیلئے پاکستان پورٹ لینڈ اتھارٹی کا کردار انتہائی اہم ہے، پاکستان، بنگلہ دیش اور بھارت کے بعد تیسرا جنوبی ایشیائی ملک ہے جس کے پاس لینڈ پورٹ اتھارٹی ہے،بزنس کمیونٹی تمام ملکی اداروں کے ساتھ مل کر برآمدات میں اضافے اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہے، لینڈ پورٹ اتھارٹی کے قیام سے بزنس کمیونٹی کو سرحدی تجارت میں درپیش مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے مینجنگ ڈائریکٹر پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی حسن اظہر حیات نے کہا کہ پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی آرمی کا ادارہ نہیں بلکہ وزارت داخلہ کے ماتحت قائم کیا گیا ہے، لینڈ پورٹ اتھارٹی کا بنیادی مقصد لینڈ پورٹس کی ڈویلپمنٹ اور بارڈر میکنزم کے حوالے سے کوآرڈینیشن کو بہتر بنانا ہے، بارڈر ٹرمینل آپریٹر، کسٹم حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کو ایک اتھارٹی کے نیچے اکٹھا کیا گیا ہے،اتھارٹی کے قیام سے قبل روزانہ کروڑوں کی سرحدی تجارت کے کوئی اعداد وشمار اور ریکارڈ نہیں تھا۔

ایم ڈی لینڈ پورٹ اتھارٹی نے کہا کہ طورخم ،چمن، سوست اور تفتان بارڈر پر روزانہ کروڑوں روپے کی ایل پی جی کی ٹریڈ ہوتی ہے، جس کا کتنا ٹیکس دیا جاتا ہے کچھ پتا نہیں تھا، اتھارٹی کے قیام کے بعد سب سے پہلے آئی ٹی کمیٹی بنائی گئی تا کہ تمام ڈیٹا ایک ڈیش بورڈ میں موجود ہو، پاکستان کے پڑوس میں بھارت اور افغانستان دو بڑی مارکیٹس ہیں، جن کے ساتھ تجارت ہونی چاہیے۔ ملاقات میں بزنس کمیونٹی کے لینڈ پورٹس سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے فوکل پرسن مقرر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین نے کہا کہ لینڈ پورٹ اتھارٹی میں پرائیوٹ سیکٹر کو انگیج، صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کو بطور اعزازی ممبر شامل کیا جائے، ملک سہیل حسین نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی تجویز ہے کہ ڈرائی پورٹس بھی لینڈ پورٹ اتھارٹی کے حوالے کی جائیں۔ ملاقات میں عید کے بعد ایف پی سی سی آئی میں لینڈ پورٹس اتھارٹی کے حوالے سے بریفنگ کیلئے کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔