Friday, May 15, 2026
ہومپاکستانوزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی نائب وزیر خارجہ کی ملاقات ، مشرق وسطی کی صورتحال پر گفتگو

وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی نائب وزیر خارجہ کی ملاقات ، مشرق وسطی کی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کے نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیائی امور پال کپور نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاک امریکا تعلقات، مشرق وسطی کی صورتحال، سیکیورٹی تعاون اور انسداد دہشتگردی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور وفاقی سیکرٹری داخلہ بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران سیکیورٹی، انسداد دہشتگردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مختلف پہلوں پر گفتگو کی گئی، جبکہ خطے کی مجموعی صورتحال اور مشرق وسطی میں جاری کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاک امریکا تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور دوطرفہ تعاون پر مبنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ سرمایہ کاری کے ماحول کو محفوظ اور مستحکم رکھا جا سکے۔

محسن نقوی نے پاکستان اور امریکا کے درمیان براہ راست پروازوں کے جلد آغاز کی خواہش کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ اس سے عوامی روابط اور اقتصادی تعاون کو فروغ ملے گا۔انہوں نے مشرق وسطی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا اور پرامن حل کا خواہاں ہے اور امید ہے کہ تنازعات مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے حل ہوں گے۔اس موقع پر امریکی نائب وزیر خارجہ پال کپور نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔