Friday, May 8, 2026
ہومتازہ ترینمہنگائی کا نیا طوفان، ایک ہفتے میں 22اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، ادارہ شماریات

مہنگائی کا نیا طوفان، ایک ہفتے میں 22اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، ادارہ شماریات

اسلام آباد (سب نیوز)ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.79 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مجموعی شرح 15.16 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 14 اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق چکن کی قیمت میں 12.82 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ڈیزل 5.10 فیصد مہنگا ہوا۔ اسی طرح آٹا 3.42 فیصد اور پٹرول 1.66 فیصد مہنگا ریکارڈ کیا گیا۔
تازہ دودھ کی قیمت میں 1.33 فیصد جبکہ بیف 0.65 فیصد مہنگا ہوا، مٹن 0.50 فیصد اور آلو 0.48 فیصد اضافے کے ساتھ فروخت ہوئے، دوسری جانب ٹماٹر کی قیمت میں 7.08 فیصد کمی ہوئی جبکہ لہسن 1.19 فیصد سستا ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق انڈے 1.22 فیصد، ایل پی جی 1.08 فیصد اور پیاز 0.38 فیصد سستے ہوئے، دال چنا، دال مسور اور گڑ کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ 15 اشیا کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔