اسلام آباد(سب نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف سے یورپی یونین کے سینئر حکام اور ممتاز یورپی کمپنیوں کے کاروباری نمائندوں کے وفد نے آج صبح وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت یورپی کمیشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹرنیشنل پارٹنرشپس کے ڈائریکٹر (ایشیا پیسفک) مسٹر پیٹرس اسٹبس کررہے تھے
وفد میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل پارٹنرز ، یورپین انویسٹمنٹ بینک تھوریا تریکی ، ایڈیڈاز کے نائب صدر مینیول پاؤزر ، ایندراتز کے نائب صدر کارل شلوگل باؤر ( Karl Shloegelbauer) آئیکیا (IKEA) کے ریجنل ڈائریکٹر ڈائیٹر میٹکے (Dieter Metkke) شامل تھے۔ وفد میں پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر عزت مآب ریمنڈس کیروبلس بھی موجود تھے.
وزیراعظم نے یورپی یونین کے وفد کا پاکستان میں خیرمقدم کیا اور یورپی یونین پاکستان بزنس فورم میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور پاکستان سے برآمدات کے سب سے زیادہ حجم کی منزل ہے۔ یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کے انعقاد کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ تقریب پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کرے گی۔
انہوں نے یورپی یونین کے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت یورپی یونین کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے یورپی یونین کے وفد کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سمیت علاقائی چیلنجوں کے باوجود معیشت کے استحکام کے لیے کام جاری رکھنے کے لیے حکومت پاکستان کے پختہ عزم کا یقین دلایا۔
اس سلسلے میں، وزیر اعظم نے خاص طور پر یورپی یونین کونسل کے صدر عزت مآب انتونیو کوسٹا، کے ساتھ اپنی دو حالیہ ٹیلی فونک روابط کا ذکر کیا جن میں علاقائی سلامتی کی صورتحال کے ساتھ ساتھ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہء خیال کیا گیا تھا۔
خطے میں امن کی کوششوں میں وزیراعظم کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے یورپی یونین کے وفد نے یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کی میزبانی میں بھرپور تعاون کرنے پر حکومت کی تعریف کی۔ وفد کے اراکین نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے اپنے اپنے تجربے کے بارے میں بتایا اور کہا کہ یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان توانائی، مواصلات، آئی ٹی وغیرہ سمیت مختلف شعبوں میں B2B تعلقات کو مزید فروغ دینے کے قوی امکانات ہیں۔
پاکستان کی جانب سے ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر قانون، انصاف اور انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاونین خصوصی سید طارق فاطمی اور ہارون اختر خان کے علاوہ سینئر حکومتی حکام بھی موجود تھے۔
