سکھر (آئی پی ایس )وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہے ، ملک کو ترقی دینی ہے تو ریلوے کو مستحکم اور جدید بنانا ہوگا ، سکھر ایکسپریس کو جدید ٹرین میں تبدیل کیا گیا ہے ، تمام مسائل حل کیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر چیمبر آف کامرس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی سکھر کے دورے پر پہنچے ۔ انہوں نے روہڑی ریلوے سٹیشن کو اپ گریڈ کرنے کا سنگ بنیاد رکھا ۔ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ اور دیگر اہم شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں۔وفاقی وزیر حنیف عباسی روہڑی ریلوے سٹیشن میں تقریب کے بعد سکھر پہنچے ،جہاں انہوں نے سکھر چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا ۔ سکھر چیمبر پہنچنے پر سکھر کی تاجر برادری نے ان کا پرجوش خیر مقدم کیا۔
سکھر چیمبر کے سینئر نائب صدر امیت کمار ،خورشید عالم اور دیگر عہدیداروں نے وفاقی وزیر حنیف عباسی کو سکھر چیمبر آنے پر خوش آمدید کہا ۔چیئرمین پاکستان ریلوے سید مظہر علی شاہ ، ڈی ایس ریلوے سکھر فرمان غنی ، حفیظ اللہ اور دیگر افسران بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے ۔ اس موقع پر تاجر رہنمائوں نے سکھر سے کراچی چلنے والی ٹرین سکھر ایکسپریس کے حوالے سے مسائل پیش کئے ۔ انہوں نے سکھر کو مختلف ٹرینوں میں سیٹوں کا کوٹہ دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے سکھر چیمبر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ہمارے ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہے ،تاجر برادری کے ساتھ ملکر ریلوے اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ روہڑی ریلوے سٹیشن چھے ماہ کے اندر بین الاقوامی طرز کا ریلوے سٹیشن بن جائے گا ،سکھر کے شہریوں کے مطالبے پر سکھر ایکسپریس ٹرین کو نئی بوگیاں لگاکر جدید ٹرین میں تبدیل کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے تمام مسائل حل کئے جائیں گے ۔ سکھر میں موجود ریلوے کی املاک اور پلاٹس کو آئوٹ سورس کیا جائے گا ، اس سلسلے میں سکھر چیمبر کے ساتھ مشاورت کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
