Monday, May 18, 2026
ہومپاکستانگھبرانا نہیں ،بے خوف ہو کر کھیلیں ،وزیراعظم کی قومی ٹی 20سکواڈ کو ہدایت

گھبرانا نہیں ،بے خوف ہو کر کھیلیں ،وزیراعظم کی قومی ٹی 20سکواڈ کو ہدایت

اسلام آباد،وزیراعظم عمران خان سے ورلڈکپ سکواڈ میں قومی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کھلاڑیوں کو بے خوف ہو کر کھیلنے کا مشورہ دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق وزراعظم عمران خان سے ٹی 20 ورلڈکپ سکواڈ میں شامل قومی کھلاڑیوں نے ملاقات کی، ملاقات میں موجودہ کرکٹ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)رمیز راجہ نے بھی شرکت کی۔ملاقات کرنے والوں میں بابر اعظم، شاداب خان، آصف علی، اعظم خان، حارث رئوف، حسن علی، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، صہیب مقصود شامل ہیں۔ ملاقات سے قبل جب قومی کھلاڑی وزیراعظم ہائوس پہنچے تو کھلاڑیوں نے سفید قمیض شلوار اور گہرے نیلے رنگ کی ویسٹ کوٹ زیب تن کر رکھی تھی۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان میں ڈومیسٹک سسٹم سمیت کرکٹ کے امور پر بات چیت ہوئی۔وزیر اعظم نے ملاقات کے دوران کھلاڑیوں کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے متعلق ٹپس دیں اور کھلاڑیوں کو بے خوف ہوکر ورلڈ کپ کھیلنے کا مشورہ دیا۔وزیراعظم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ انگلینڈ کے دورہ منسوخی کا بہترین پرفارمنس سے جواب دیں، پاکستان کھیلوں کیلئے محفوظ ملک ہے، آپ اپنی پرفارمنس بہتر بنانے پر فوکس کریں، انشا اللہ جلد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہوگی۔وزیراعظم ہائوس کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالی نے کامیابی کے اصول وضع کر رکھے ہیں۔ نبی کریم دنیاکے سب سے کامیاب ترین انسان ہیں، کامیابی کا راستہ سچائی اور ایمانداری کاہے۔ انسان کوشش اور محنت سے اپنی تقدیر بدل سکتا ہے۔ کھلاڑیوں کو مشورہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک راستہ عزت کا ہے اور دوسرا پیسے کا، آپ کو پیسے کا بت توڑنا ہے۔ آپ کوٹیم اورقوم کیلئے کھیلنا ہے۔ پوری قوم کی نظریں آپ پرہیں۔ آپ دنیا میں پاکستان کے نمائندے اور سفیر ہیں۔ ٹیلنٹ کی کمی نہیں، پوری دنیا پاکستانیوں کا ٹیلنٹ تسلیم کرتی ہے۔ آپ میں ٹیم سپرٹ ہونی چاہیے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب میدان میں اتریں تو خوداعتمادی اور جیت کے جذبے سے اتریں۔ وہ ٹیم کبھی نہیں جیت پاتی جو ہار سے بچنے کیلئے کھیلے۔ میں جب کھیلتا تھا تو کرکٹ کو برے حالات سے نکال کر ورلڈکپ جیتا۔ دفاعی نقطہ نظرسے کھیلنے والی ٹیم کبھی نہیں جیت پاتی۔ ہم نے ہی کرکٹ میں اٹیکنگ ٹیکنیک کو متعارف کرایا۔ پوری قوم قومی کرکٹ ٹیم کو کامیاب دیکھناچاہتی ہے۔بعد ازاں پی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید اور وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو سب سے پہلے اچھا انسان بننے کی نصیحت کی اور ان سے کہا کہ کہا پیسے کے بت کو توڑنا ہے کیوں کہ رزق اللہ دیتا ہے۔وزیراعظم نے کھلاڑیوں سے کہا کہ کرکٹ اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ ملک کے لیے کھیلنی ہے اور عزت و ذلت اللہ پر چھوڑ کر گرانڈ میں اچھا پرفارم کریں جب کہ مشکل وقت میں ہارنے سے نہیں گھبرانا۔وزیراعظم عمران خان نے ٹیم میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کو فیلڈنگ میں بہتری کی بہت ضرورت ہے جب کہ وزیراعظم نے بالرز کو ٹپس دیں کہ صرف اسکور نہیں بچانا بلکہ وکٹیں بھی لینی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔