اسلام آباد(سب نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر دائر توہینِ عدالت کی درخواستوں پر جلد سماعت کے لیے متفرق درخواست جمع کرادی گئی ہے۔
نیاز اللہ خان نیازی ایڈوکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ زیرِ التواء توہینِ عدالت کی درخواستوں کو فوری طور پر سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ لارجر بینچ کے 24 مارچ 2025 کے واضح عدالتی حکم کے باوجود جیل حکام اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروا رہے۔
درخواست کے مطابق کوآرڈینیٹر کی جانب سے ملاقاتوں کی ہفتہ وار فہرست بھی باقاعدگی سے ارسال کی جا رہی ہے، اس کے باوجود جیل انتظامیہ عدالتی حکم کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ توہینِ عدالت کی یہ درخواستیں تاحال سماعت کے لیے مقرر نہیں ہو سکیں، لہٰذا انہیں فوری طور پر جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
درخواست میں یہ بھی مؤقف اپنایا گیا ہے کہ درخواست گزار بانی پی ٹی آئی کا ترجمان ہے اور قومی مفاد کے تحت ان سے ملاقات کا حق رکھتا ہے۔متفرق درخواست کے ساتھ ضروری دستاویزات کی مصدقہ نقول فراہم کرنے سے استثنیٰ کی استدعا بھی دائر کی گئی ہے۔
