Monday, April 13, 2026
ہومبریکنگ نیوزبرطانیہ: پاکستان ہائی کمیشن کا قونصلر خدمات کے فروغ کیلئے ویزا سروس معاہدہ

برطانیہ: پاکستان ہائی کمیشن کا قونصلر خدمات کے فروغ کیلئے ویزا سروس معاہدہ

لندن(آئی پی ایس )جیریز کو برطانیہ بھر میں قونصلر خدمات کی فراہمی کے لیے فسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام کا واحد مجاز پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔ اس حوالیسے پاکستان ہائی کمیشن لندن معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔یہ اقدام وزارتِ خارجہ کی منظوری سے کیا گیا ہے اور اس کا مقصد برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے قونصلر خدمات کو مزید آسان، مثر اور قابلِ رسائی بنانا ہے۔

یہ پیش رفت برطانیہ میں مقیم تقریبا بیس لاکھ پاکستانی نژاد افراد کو سہولت کی فراہمی کے لیے ہائی کمیشن کے عزم کا اہم مظہر ہے۔ اس معاہدے کے تحت برطانیہ بھر میں سروس سینٹرز قائم کیے جائیں گے، جہاں اوورسیز پاکستانی ویزا، پاسپورٹ اور نادرا سے متعلق دستاویزات اور تصدیقی خدمات سمیت مختلف قونصلر سہولیات بآسانی حاصل کر سکیں گے۔

اس موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ یہ شراکت داری اوورسیز پاکستانیوں کو اولین ترجیح دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ مجاز اداروں کے ذریعے کونسلر سروسز کو مختلف علاقوں تک وسعت دے کر ہم لوگوں کے طویل سفر کی زحمت کو کم کر رہے ہیں اور قونصلر سہولیات کو تیز تر، محفوظ اور زیادہ سہل بنا رہے ہیں۔

اس معاہدے کا ایک اہم مقصد برطانیہ میں غیر مجاز اور جعلی ویزا فسیلیٹیشن مراکز کے بڑھتے ہوئے رجحان کا سدباب کرنا بھی ہے، جو بھاری فیسیں وصول کرتے ہوئے معصوم درخواست گزاروں کو دھوکہ دیتے ہیں۔ نئے نظام کے تحت ذاتی معلومات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا اور غیر منظور شدہ اداروں کو حساس معلومات کی فراہمی کا راستہ روکا جائے گا۔

جیریز ویزا سروسز لمیٹڈ کے چیئرمین افضل ولی محمد نے اس موقع پر کہا کہ ان کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ انہیں اس اہم قومی منصوبے کے لیے واحد مجاز پارٹنر منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کمپنی برطانیہ بھر میں پاکستانی کمیونٹی کو عالمی معیار کی، شفاف اور محفوظ خدمات فراہم کرے گی۔

ویزا سروسز کے پہلے فسیلیٹیشن سینٹر کا مئی 2026 میں افتتاح کیا جائے گا، جس کے بعد مرحلہ وار توسیع کے ذریعے برطانیہ کے تمام بڑے علاقوں میں اس نیٹ ورک کو پھیلایا جائے گا۔ مراکز کے مقامات، دستیاب خدمات اور اپائنٹمنٹ کے طریقہ کار سے متعلق مزید تفصیلات آئندہ ہفتوں میں جاری کی جائیں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔