اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات کے باعث فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، اسی تناظر میں اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بھی شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔ترجمان اسلام آباد پولیس نے اہم ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون ہر قسم کی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند رہیں گے۔
اس دوران متعدد اہم شاہراہوں پر بھی ٹریفک معطل رہے گی جن میں کشمیر چوک کلب روڈ سے زیرو پوائنٹ تک سری نگر ہائی وے، زیرو پوائنٹ سے سرینا چوک تک سری نگر ہائی وے، چاند تارہ چوک سے سیونتھ ایونیو تک شکرپڑیاں روڈ، خیابان چوک سے بلیو ایریا تک جناح ایونیو اور فیصل چوک سے ٹریل 3 تک مارگلہ روڈ شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق توسیعی ریڈ زون میں واقع تمام سرکاری و نجی دفاتر اور مارکیٹیں بھی بند رہیں گی۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے متبادل راستے بھی جاری کیے ہیں جن کے مطابق بہارہ کہو سے اسلام آباد یا راولپنڈی آنے جانے والے شہری کشمیر چوک سے کلب روڈ کے ذریعے فیض آباد اور نائنتھ ایونیو استعمال کر سکتے ہیں۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایمرجنسی کے علاوہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ٹریفک اپ ڈیٹس کے لیے شہری اسلام آباد ٹریفک پولیس کا واٹس ایپ چینل اور اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔
