Tuesday, April 7, 2026
ہومبریکنگ نیوزوزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل ٹیرف کمیشن کے اصلاحاتی اقدامات پر اجلاس، کارکردگی بہتر بنانے اور شفافیت کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کا فیصلہ

وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل ٹیرف کمیشن کے اصلاحاتی اقدامات پر اجلاس، کارکردگی بہتر بنانے اور شفافیت کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کا فیصلہ

اسلام آباد (سب نیوز): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت آج اسلام آباد میں نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی اور اصلاحاتی اقدامات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیشن کی ادارہ جاتی، قانونی اور انتظامی تنظیم نو کے تحت جاری اصلاحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی فعال اور شفاف کارکردگی ملکی صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ کمیشن کے تمام آپریشنل فنکشنز کو مکمل ڈیجیٹلائز کر کے شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی سہولت کے لیے کمیشن میں قانونی اور دیگر پیچیدگیوں کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کیسز کی تاخیر کسی صورت قابل برداشت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسا نظام وضع کیا جائے جس میں تمام کیسز کو معینہ وقت میں نمٹایا جائے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کمیشن کی افرادی قوت اور عملہ بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت یافتہ ہو اور ادارے کی اصلاحات پر عملی رہنمائی کے لیے پیشہ ور ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔ مزید یہ کہ دنیا میں رائج بہترین اطوار اور جدید ٹیکنالوجی بشمول انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے کمیشن میں جدت لائی جائے۔

اجلاس میں نیشنل ٹیرف کمیشن کے چیئرمین نے کمیشن میں جاری قانونی، انتظامی اور مالی اصلاحات پر حاضرین کو بریفنگ دی، جو وزیراعظم سے منظور شدہ روڈ میپ کے مطابق جاری ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے کامرس جام کمال خان، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔