Monday, April 6, 2026
ہومبلوچستانبلوچستان کی افغان بستیاں پاکستان میں افغانیوں کی چالیس سالہ مخلصانہ میزبانی کی مثال

بلوچستان کی افغان بستیاں پاکستان میں افغانیوں کی چالیس سالہ مخلصانہ میزبانی کی مثال

کوئٹہ (آئی پی ایس) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شہریوں نے افغان مہاجرین کی چار دہائیوں پر محیط میزبانی کو پاکستان کی روایتی مہمان نوازی اور اخوت کی روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس احسان کے بدلے دشمنی کسی صورت قابل قبول نہیں۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مشکل ترین حالات میں افغان باشندوں کو نہ صرف پناہ دی بلکہ انہیں رہائش، تعلیم اور روزگار جیسی بنیادی سہولیات بھی فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے اپنے وسائل محدود ہونے کے باوجود افغان مہاجرین کو اپنے بھائیوں کی طرح سہارا دیا۔

مقامی افراد نے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ افغان طالبان نے اس خلوص کے بدلے پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دیا، جو نہایت تشویشناک اور ناقابل برداشت عمل ہے۔

شہریوں کے مطابق، افغان طالبان امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کے بجائے شدت پسند عناصر کو پناہ دینے میں مصروف ہیں، جس کے اثرات براہ راست پاکستان کے امن و استحکام پر پڑ رہے ہیں۔

بلوچستان کے عوام کی جانب سے افغان طالبان پر بڑھتی ہوئی تنقید اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ لوگ دہشت گردی اور بدامنی سے سخت نالاں ہیں اور خطے میں پائیدار امن کے خواہاں ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔