Monday, March 23, 2026
ہومتازہ ترینایران کے اسرائیل پر حملے جاری، بڑے پیمانے پر تباہی، ڈیفنس سسٹم ایرانی میزائل روکنے میں ناکام

ایران کے اسرائیل پر حملے جاری، بڑے پیمانے پر تباہی، ڈیفنس سسٹم ایرانی میزائل روکنے میں ناکام

تل ابیب(سب نیوز) ایران نے اسرائیل کو میزائلوں کے نشانے پر رکھ لیا، ایرانی میزائل حملوں کے باعث اسرائیل میں بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاعات، اسرائیلی اور امریکی ڈیفنس سسٹم ایرانی میزائلوں کو روکنے میں ناکام ہوگئے۔
ایران کی جانب سے تازہ میزائل حملوں کے بعد اسرائیل کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں متعدد مقامات پر گرنے والے میزائلوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مختلف مقامات پر دھماکوں کے بعد ملبہ گرنے سے نقصان ہوا ہے، اس کے علاوہ کلسٹر بموں کے استعمال کے باعث ہونے والے نقصان کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق تل ابیب، ایلات، بیرالسبع، ڈیمونا اور عراد میں ایرانی حملوں سے تباہی مچ گئی، درجنوں عمارتیں ملیا میٹ ہونے کے بعد اسرائیلی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حملوں کی حالیہ لہر میں اسرائیل کا ایٹمی مرکز بھی ایران کے نشانے پر رہا، ایران نے اسرائیل کے جوہری تنصیب والے شہر ڈیمونا کو نشانہ بنایا، تاہم عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ ڈیمونا میں جوہری مرکز سے تابکاری کے شواہد نہیں ملے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائی میں ایران کے جنوبی بندرگاہی شہر بندر عباس میں واقع پرشین گلف سنٹرل براڈکاسٹنگ کمپنی کے 100 کلو واٹ اے ایم ٹرانسمیٹر کو نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ میں کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔ تاہم ادارے کا کہنا ہے کہ نشریات بدستور معمول کے مطابق جاری ہیں۔
ایرانی میزائل حملوں میں زخمی ایک اور شخص دم توڑ گیا، اسرائیلی ایمرجنسی سروس
اسرائیلی ایمرجنسی سروس نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ روز ایران کے میزائل حملوں میں زخمی ہونے والا ایک اور شخص دم توڑ گیا ہے، ہلاک ہونے والا شخص 60 سال کا تھا جو میزائل کا ٹکڑا لگنے سے زخمی ہوا تھا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹیموں نے 164 افراد کو طبی امداد فراہم کی جن میں 150 کو جسم پر زخم تھے جبکہ 14 افراد میں اضطراب کی علامات پائی گئیں۔
ادارے کے مطابق 12 افراد کی حالت تشویشناک ہے جنہیں میزائل کے ٹکڑے اور دھماکوں کے نتیجے میں چوٹیں آئی ہیں، 20 افراد کی حالت قدرے بہتر جبکہ 88 افراد کو معمولی زخم آئے ہیں، جنگ کے آغاز سے اب تک 1,576 افراد کو طبی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔