اسلام آباد(سب نیوزٌ :
وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے ملک کی معاشی صورتحال کے پیشِ نظر صاحبِ استطاعت ارکانِ پارلیمنٹ اور کابینہ اراکین کو اپنی تنخواہیں قومی خزانے میں جمع کرانے کی تلقین کی ہے۔
گزشتہ روز پارلیمنٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی ریلیف کے لیے اراکین کو ایثار کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ بطور وفاقی وزیر گزشتہ 24 ماہ سے اپنی خدمات بغیر کسی تنخواہ اور مراعات کے رضاکارانہ طور پر سر انجام دے رہاہوں۔ انہوں نے اپنے ساتھیوں کو اسی جذبے کے تحت اپنی تنخوائیں عطیہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے ساتھی ارکان محبِ وطن ہیں اور اس قومی مقصد کے لیے اپنا حصہ ضرور ڈالیں گے۔
