ڈھاکہ(آئی پی ایس )بنگلہ دیشی حکام کے مطابق طالبعلم رہنما عثمان ہادی قتل کیس میں مرکزی ملزم کی مدد کرنے والے ایک اور مشتبہ شخص کو بھارت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔مغربی بنگال پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس کے مطابق فلپ سنگما نامی شخص کو ہفتے کے روز خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کا نام مرکزی ملزم کے فرار میں مدد فراہم کرنے والوں میں سامنے آیا تھا۔
ایس ٹی ایف کے بیان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں سنگما نے اعتراف کیا کہ اس نے مرکزی ملزم فیصل کریم مسعود اور اس کے ساتھی عالمگیر حسین کو میگھالیہ کی سرحد کے راستے بھارت داخل ہونے میں مدد دی۔ بعد ازاں وہ خود بھی گرفتاری سے بچنے کے لیے غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہوا۔پولیس کے مطابق سنگما کو عدالت میں پیش کیا گیا ہے اور مزید تفتیش کے لیے اسے تحویل میں رکھا گیا ہے۔
اس سے قبل بھارتی پولیس نے مرکزی ملزم فیصل کریم مسعود اور اس کے ساتھی عالمگیر حسین کو مغربی بنگال کے شہر بنگاں میں بنگلہ دیشی سرحد کے قریب ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا۔یہ مقدمہ انقلاب منچا کے کنوینیئر عثمان بن ہادی کے قتل سے متعلق ہے، جنہیں گزشتہ سال 12 دسمبر کو ڈھاکا کے علاقے پرانا پلٹن میں جمعہ کی نماز کے بعد نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار دی تھی۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے تھے۔ عثمان ہادی کو علاج کے لیے سنگاپور منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ حملے کے 6 روز بعد دم توڑ گئے۔بنگلہ دیشی حکام کے مطابق کیس کی تحقیقات جاری ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان سرحد پار تعاون بھی جاری ہے۔
