Wednesday, March 4, 2026
ہومپاکستانسید نوید قمر کا ایرانی سفارت خانے کا دورہ ،سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار

سید نوید قمر کا ایرانی سفارت خانے کا دورہ ،سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار

اسلام آباد(آئی پی ایس )رکن قومی اسمبلی و پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنما سید نوید قمرنے آج اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے کا دورہ کیا ۔اس موقع پر انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای ، دیگر اعلی ایرانی قیادت، اور معصوم خواتین و بچوں کی شہادت پر ایرانی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا، جو حالیہ فوجی جارحیت کے نتیجے میں جان بحق ہوئے۔

ایرانی سفارت خانے میں اس سانحے کے شہدا کی یاد میں کتابِ تعزیت کھولی گئی ہے، جس پر معزز سید نوید قمر نے اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ سید نوید قمر نے کہا کہ شہید سپریم لیڈر ایران کی جدوجہد، استقلال اور اسلامی اقدار کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس سانحے کو نہ صرف ایران بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے ایک عظیم صدمہ قرار دیا۔انہوں نے پاکستان کے عوام اور پارلیمان کی جانب سے ایران کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہر آزمائش میں مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ سید نوید قمر نے اس موقع پر بین الاقوامی قوانین کی پاسداری، خودمختاری کے احترام اور تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور ایرانی قوم کے لیے حوصلے اور استقامت کی دعا بھی کی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی پارلیمان خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔