لندن (سب نیوز) پیپلز یونٹی (سی بی اے)کے صدر ہدایت اللہ خان نے انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل سے مسٹر اسٹیفن کاٹن سے لندن میں واقع آئی ٹی ایف ہیڈکوارٹر میں ملاقات کی۔ملاقات میں پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہدایت اللہ خان نے سیکریٹری جنرل کو زیرِ سماعت عدالتی مقدمات، آئی ایل او کنونشنز کی مبینہ خلاف ورزیوں اور انڈسٹریل ریلیشنز ایکٹ 2012 کے تحت سی بی اے کے مکالمے اور مذاکرات کے حقوق سے انکار کے حوالے سے بریفنگ دی۔انہوں نے حاضر سروس ملازمین کے روزگار کے تحفظ، متعلقہ سہولیات اور ریٹائرڈ ملازمین کے سفری مراعات، طبی سہولیات اور پنشن کے تحفظ پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ ان حقوق اور مراعات میں کسی بھی قسم کی ایسی تبدیلی قبول نہیں کی جائے گی جو ملازمین اور پنشنرز کے مفاد کے خلاف ہو۔
مسٹر اسٹیفن کاٹن نے یقین دہانی کرائی کہ آئی ٹی ایف اس معاملے کو متعلقہ فورمز پر اٹھائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر معاملات خوش اسلوبی سے حل نہ ہوئے، پیپلز یونٹی (سی بی اے)کو باقاعدہ طور پر تسلیم نہ کیا گیا، انہیں اعتماد میں نہ لیا گیا اور ملازمین کے جائز حقوق کی مکمل ضمانت نہ دی گئی تو عالمی سطح پر بھرپور مہم چلائی جائے گی۔
پیپلز یونٹی پاکستان کے صدر ہدایت اللہ خان کی لندن میں انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات ،پی آئی اے کی نجکاری پر تبادلہ خیال
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
