Tuesday, January 27, 2026
ہومبریکنگ نیوزسانحہ گل پلازہ کے باعث چوہدری شجاعت حسین کی سالگرہ کی تقریبات منسوخ

سانحہ گل پلازہ کے باعث چوہدری شجاعت حسین کی سالگرہ کی تقریبات منسوخ

اسلام آباد (سب نیوز) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین آج 80 سال کے ہو گئے۔ تاہم انہوں نے اپنی سالگرہ کی تمام ملک گیر تقریبات منسوخ کر دی ہیں۔


مسلم لیگ (ق) کے مرکزی ترجمان مصطفیٰ ملک نے بتایا کہ چوہدری شجاعت حسین کی ہدایت پر تمام مجوزہ پروگرام فوری طور پر منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ افسوسناک آتش زدگی کے واقعات اور انسانی جانوں کے ضیاع کے پیش نظر سالگرہ کی تقریبات منعقد نہ کی جائیں۔


مصطفیٰ ملک نے مزید بتایا کہ چوہدری شجاعت حسین نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہونے اور ان کے دکھ و غم میں شریک ہونے کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔


مرکزی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین پاکستان میں مفاہمت اور سیاسی اعتدال کی علامت سمجھے جاتے ہیں، اور قومی یکجہتی، برداشت اور جمہوری تسلسل کے فروغ میں ان کا کردار نمایاں رہا ہے۔
مسلم لیگ (ق) نے عزم ظاہر کیا کہ وہ چوہدری شجاعت حسین کی وضع داری اور مفاہمت کی سیاست کو جاری رکھے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔