لاہور (آئی پی ایس) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی شرکت کرنے کی صورت میں بنگلہ دیش سے اظہاریکجہتی کےلیے احتجاج کے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق پہلے آپشن میں بنگلہ دیش سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستانی کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچوں میں سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کرسکتے ہیں۔ دوسرا آپشن یہ ہے کہ پاکستان ٹیم بھارتی رویے پر بھارت کے خلاف پندرہ فروری کو ہونے والے میچ کا بائیکاٹ کرے جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہر میچ کی جیت کو بنگلہ دیش کرکٹ فینز کیلئے وقف کرنے پر بھی غور جاری ہے۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے گزشتہ روز بورڈ حکام اور سابق کھلاڑیوں سے مشاورت بھی کی، چئیرمین پی سی بی محسن نقوی بنگلہ دیش ٹیم کے حق میں بول چکے، کہا بنگلہ دیش کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے بنگلہ دیشی ٹیم کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ آج کریگا۔ چیئرمین پی سی بی آج وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، محسن نقوی وزیراعظم سے ورلڈکپ پر گفتگو کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر ورلڈکپ میں شرکت یا عدم شرکت کا فیصلہ ہوگا۔
