اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم نے پرائیویٹ حج آپریٹرز کے امور اور استعداد کا جائزہ لینے کے لیے راناثنااللہ کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کمیٹی میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک بطور رکن شامل ہوں گے۔
کمیٹی پرائیویٹ حج آپریٹرز کی مالی اور انتظامی استعداد کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ کمیٹی دس روز کے اندر بین الاقوامی تھرڈ پارٹی کے ذریعے استعداد کار سے متعلق تجاویز مرتب کرے گی۔ذرائع کے مطابق پرائیویٹ حج آپریٹرز کی کمپنیوں کی اہلیت کا جائزہ 2027 سے 2030 کے عرصے کے لیے لیا جائے گا، جبکہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
