Tuesday, January 27, 2026
ہوماسلام آباداسلام آباد کو غیر قانونی اشتہاری اور سائن بورڈز سے پاک کرنے کیلئے کارروائی کا آغاز

اسلام آباد کو غیر قانونی اشتہاری اور سائن بورڈز سے پاک کرنے کیلئے کارروائی کا آغاز

اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو غیر قانونی اشتہاری بورڈز اور سائن بورڈز سے پاک کرنے کیلئے جامع کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر شہر بھر میں غیر قانونی طور پر اشتہارات، سائن بورڈز اور دیواروں پر آویزاں اشتہارات کے خلاف بڑے پیمانے پر صفائی مہم جاری ہے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد اسلام آباد کے فطری اور قدرتی حسن کو برقرار رکھتے ہوئے اسے ایک منظم دارالخلافہ بنانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، ایم سی آئی اور سی ڈی اے کے اس اقدام کے تحت نہ صرف کمرشل ایریاز و مراکز بلکہ رہائشی علاقوں کی دیواروں سے غیر قانونی اشتہارات ہٹائے جارہے ہیں بلکہ سڑکوں کے کنارے بیجا سائن بورڈز اور کھمبوں پر لگے اشتہاری مواد کو بھی مستقل بنیادوں پر ختم کیا جارہا ہے۔چیف آفیسر ایم سی آئی ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا کہ غیر قانونی اشتہارات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کی بغیر اجازت تشہیر کرنے والے افراد و گروہوں کے خلاف ایف آئی آر اندراج کا سلسلہ جاری ہے تاکہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔چیف آفیسر ایم سی آئی نے کہا کہ اس ضمن میں تمام ٹریڈ یونین اور تاجر برادری کو بھی اعتماد میں لیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا تمام ٹریڈ یونینز اور تاجر برادری کی جانب سے سی ڈی اے کے اس احسن اقدام کو بھرپور سراہا جارہا ہے۔

اس موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے نہ صرف شہر کی جمالیاتی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ دھوکہ باز اور فراڈیہ عناصر کے غیرمجاز اشتہارات سے شہریوں کو تحفظ بھی ملے گا۔ایم سی آئی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسطرح کے اقدامات میں بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی غیر قانونی اشتہار یا سائن بورڈ کی صورت میں متعلقہ حکام کو فورا اطلاع دیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔