اسلام آباد ( آئی پی ایس ) پنجاب حکو مت کی جانب سے بلدیاتی کالے قانون کے خلاف صوبے کے تمام اضلاع میں چار روزہ عوامی ریفر نڈم کے چوتھے روز مردو و خواتین کی بڑی تعداد نے بلد یاتی قانون کے حوالے سے بیلٹ پیپر پر رائے کا اظہار کیا، صوبہ کے تمام اضلاع میں قائم ہزاروں پولنگ کیمپس پر جوش و خروش اور گہما گہمی کا سلسلہ جاری رہا،اس موقع پرامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے راولپنڈی اور جہلم میں لگائے گئے ریفرنڈم کیمپس کے دورہ کیا،جہاں امیر جماعت اسلامی راولپنڈی سید عارف شیرازی،امیر جماعت اسلامی جہلم ڈاکٹرقاسم محمود چوہدری سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے ان کا ستقبال کیا۔
شہریوں سے خطاب کر تے ہو ئے امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ عوام نے بلدیاتی قانون کو مسترد کیا تو جماعت اسلامی پنجاب اسمبلی کے گھیراؤ کا اعلان کرے گی اور پنجاب کی جعلی حکومت کے بنائے گئے کالے قانون کی واپسی تک گھیراؤ جاری رکھا جائے گا، پنجاب کے عوام گزشتہ دس برس سے بلدیاتی انتخابات اور حق حکمرانی سے محروم ہیں،حکمران سیاسی پارٹیاں عوام تو درکنار اپنی پارٹیوں کے کارکنوں کو بھی اختیار نہیں دینا چاہتیں، انھوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب کا عوام دشمن بلدیاتی قانون واپس لیا جائے اور صوبہ میں بلدیاتی انتخاب کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے،پنجاب کے بلدیاتی قانون میں غیرجماعتی انتخابات تجویز کیے گئے ہیں، یونین کونسل کا چیئرمین بھی عوام کے براہ راست ووٹ سے منتخب نہیں ہوگا، آئین میں بااختیار بلدیاتی حکومتوں کی بات کی گئی ہے تاہم صوبائی حکومتیں اس سے منحرف ہیں، پنجاب میں گزشتہ دس برس سے بلدیاتی انتخاب نہیں ہوا۔ اختیارات پر افسرشاہی قابض ہے،ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا جمہوریت اور آئین دشمن بلدیاتی قانون کے خلاف پنجاب میں بڑے پیمانے پر بیداری کی لہر ہے اور موثر بلدیاتی نظام کے مطالبہ کی لہر پورے ملک میں پھیل رہی ہے، صوبائی حکومتیں اختیارات پر قابض ہیں، پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں میں بھی بلدیاتی نظام نہ ہونے کے برابر ہے، عوامی ریفرنڈم کے ذریعے باشعور عوام ایک دوٹوک پیغام دیں گے کہ وہ اس بلدیاتی قانون کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے، انھوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے عوام کی رائے کو نظرانداز کیا تو جماعت اسلامی اپنی جدوجہد کو مزید منظم اور وسیع کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ یہ تحریک صرف جماعت اسلامی کی نہیں بلکہ پنجاب کے عوام کے حق حکمرانی کی جدوجہد ہے، اور عوامی ریفرنڈم اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب کے عوام بیوروکریسی راج نہیں بلکہ ایک بااختیار اور مضبوط بلدیاتی نظام چاہتے ہیں۔
غیرجماعتی بلدیاتی نظام اور بیوروکریسی راج کسی صورت قبول نہیں: امیر جماعت اسلامی پنجاب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
