Tuesday, January 27, 2026
ہوماسلام آباداسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن ایک بار پھر ملتوی، جماعتِ اسلامی کا شدید ردِعمل

اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن ایک بار پھر ملتوی، جماعتِ اسلامی کا شدید ردِعمل

اسلام آباد(سب نیوز)اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے ایک بار پھر التوا پر جماعتِ اسلامی نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام کے جمہوری اور آئینی حقوق پر کھلا ڈاکہ قرار دیا ہے۔جماعتِ اسلامی اسلام آباد کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، جس میں موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ آئندہ کے سیاسی و قانونی لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

امیر جماعتِ اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے التوا سے متعلق الیکشن کمیشن کا نوٹیفیکیشن جمہوری اقدار کی صریح نفی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت اور الیکشن کمیشن نے ملی بھگت کے ذریعے بلدیاتی انتخابات کو جان بوجھ کر ملتوی کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی میں وکلا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پبلک ایڈ عامر نواز و دیگر موجود تھے۔ نصراللہ رندھاوا کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کر کے اسلام آباد کے عوام کو ان کے آئینی حقِ نمائندگی سے محروم کیا جا رہا ہے۔ عوام کو بااختیار بنانے سے خوفزدہ حکمران طبقہ بلدیاتی نظام سے فرار اختیار کر رہا ہے، جبکہ بار بار انتخابات کا التوا عوام کے حقِ حکمرانی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیر منتخب افسر شاہی کو مسلط رکھنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ بلدیاتی الیکشن میں تاخیر کے باعث شہری مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔امیر جماعتِ اسلامی اسلام آباد نے واضح کیا کہ جماعتِ اسلامی اسلام آباد کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے سیاسی اور قانونی دونوں محاذوں پر جدوجہد کرے گی اور کسی بھی صورت عوام کے جمہوری حق پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔