Wednesday, January 28, 2026
ہومتازہ ترینمیری جعلی آواز میں لوگوں سے پیسے مانگے گئے، اسپیکر قومی اسمبلی کا انکشاف

میری جعلی آواز میں لوگوں سے پیسے مانگے گئے، اسپیکر قومی اسمبلی کا انکشاف

اسلام آباد(آئی پی ایس )اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی جعلی آواز میں لوگوں سے پیسے مانگے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں شروع ہوا، جس میں اراکین کی کم حاضری کے باعث وقفہ سوالات موخر کر دیا گیا۔اجلاس کے دوران آن لائن فراڈ، قانون سازی، پی آئی اے نجکاری، ایوانی نظم و ضبط اور شہری مسائل سے متعلق اہم معاملات زیر بحث آئے۔

آن لائن فراڈ سے متعلق گفتگو کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے انکشاف کیا کہ ان کی آواز میں جعل سازی کے ذریعے لوگوں سے پیسے مانگے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک شخص نے اعتماد کی بنیاد پر فون کر کے تصدیق کی، جس کے بعد اس معاملے کو قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔آن لائن فراڈ کے معاملے پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ یہ ایک منظم مافیا ہے جو شہریوں کو بلیک میل کرتا ہے اور رینٹ اے اکاونٹ کے ذریعے فراڈ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ این سی سی آئی اے کے پاس 523 اہلکار اور 23 تھانے ہیں، ادارے کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے تاہم اس میں وقت لگے گا۔

اجلاس میں پی آئی اے نجکاری کی قانونی حیثیت پر بھی ایوان میں سوالات اٹھائے گئے، جس پر وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل ہو چکا ہے، تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے اور نیلامی کے عمل کو مکمل طور پر شفاف بنایا گیا۔ وزیر خزانہ کے مطابق 135 ارب روپے کے 75 فیصد شیئر فروخت کیے گئے، جن میں سے 10 ارب روپے حکومت کو ملیں گے جبکہ 125 ارب روپے پی آئی اے میں دوبارہ سرمایہ کاری کے لیے استعمال ہوں گے۔ایوان میں اس موقع پر دلچسپ لمحات بھی دیکھنے میں آئے، جب اسپیکر نے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی تیاری کی تعریف کی، جس پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے مزاحیہ انداز میں طلال چوہدری کا مجسمہ بنوانے کی تجویز دی، جس پر ایوان میں قہقہے لگ گئے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔