Wednesday, March 11, 2026
ہوماوورسیزجدہ: نئے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی کا پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کا عزم

جدہ: نئے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی کا پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کا عزم

اوورسیز پاکستانیوں میں خوشی، اعتماد اور امید کی نئی لہر — صحافی برادری اور سماجی تنظیموں کا خیرمقدمی ردعمل


جدہ (خالد نواز چیمہ)
سعودی عرب کے اہم شہر جدہ میں نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل پاکستان سید مصطفیٰ ربانی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے مسائل حل کرنے، سہولیات بہتر بنانے اور انتظامی معاملات کو منظم کرنے کے لیے عملی اقدامات تیز کر دیے ہیں، جس سے تارکینِ وطن پاکستانیوں میں خوشی، اعتماد اور امید کی فضاء پیدا ہو گئی ہے۔


ان کی آمد کا خیرمقدم نہ صرف جدہ بلکہ مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ، طائف، رابغ، ینبع خلصیں اور دوسرے شہروں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھی بڑے اعتماد کے ساتھ کیا ہے۔ کمیونٹی اراکین کے مطابق سید مصطفیٰ ربانی ایک خوش اخلاق، فرض شناس اور کمیونٹی دوست ڈپلومیٹ کے طور پر پہچانے جاتے ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ ان کی تعیناتی نے لوگوں میں مثبت توقعات کو جنم دیا ہے۔


اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیح
کمیونٹی کی جانب سے امید ظاہر کی گئی ہے کہ قونصل جنرل:
پاسپورٹ و دستاویزی کارروائیوں میں آسانی
ویزہ اور فیملی کیسز کے حل میں بہتری
پاکستانی انٹرنیشنل اسکولوں کی کارکردگی میں اصلاحات
اوورسیز ویلفیئر معاملات میں مضبوط نگرانی
جیسے اہم شعبوں میں مؤثر اقدامات کریں گے، جس سے لوگوں کی مشکلات میں نمایاں کمی آسکے گی۔
قونصل جنرل کا عزم
اپنی ابتدائی گفتگو میں سید مصطفیٰ ربانی نے واضح پیغام دیا کہ:
“پاکستانی کمیونٹی ہمارا فخر ہے۔ مسائل کے حل کے لیے قونصل خانہ ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔ دروازے ہر پاکستانی کے لیے کھلے ہیں، ہم خدمت کے جذبے سے کام کریں گے۔”
پاکستانی صحافی برادری اور فورمز کا خیرمقدم
جدہ میں موجود پاکستانی میڈیا نے بھی اس تبدیلی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔


پاکستانی صحافیوں، پاکستان جرنلسٹس فورم، پاک میڈیا فورم نے امید ظاہر کی ہے کہ قونصل جنرل کی موجودگی میں کمیونٹی اور قونصلیٹ کے درمیان مضبوط رابطہ سازی اور بہتر معلوماتی نظام قائم ہوگا۔
صحافی برادری کا کہنا ہے کہ:
“میڈیا اور قونصلیٹ کے مثبت تعاون سے نہ صرف مسائل اجاگر ہوں گے بلکہ ان کے حل میں بھی تیزی آئے گی، جو پوری کمیونٹی کے لیے فائدہ مند ہوگا۔”


کمیونٹی کی دعائیں اور نیک تمنائیں
آخر میں کمیونٹی اراکین، سماجی تنظیموں اور میڈیا نمائندگان کی جانب سے دعائیہ کلمات ادا کیے گئے:
“اللہ تعالیٰ سید مصطفیٰ ربانی کو کامیابی دے، پاکستان کا وقار بلند ہو، اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں۔ آمین”

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔