Sunday, December 21, 2025
ہومکھیلآئی ایل ٹی 20: ابوظہبی نائٹ رائیڈرز کی سنسنی خیز فتح

آئی ایل ٹی 20: ابوظہبی نائٹ رائیڈرز کی سنسنی خیز فتح

ابوظہبی:ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 سیزن 4 میں ابوظہبی نائٹ رائیڈرز نے ٹیبل ٹاپرز ڈیزرٹ وائپرز کو ایک رن سے شکست دے کر ان کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ توڑ دیا۔ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس ہائی وولٹیج مقابلے میں لیام لیونگ اسٹون کی شاندار نصف سنچری اور نائٹ رائیڈرز کے بولرز کی اعصاب شکن کارکردگی فیصلہ کن ثابت ہوئی۔نائٹ رائیڈرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔ لیام لیونگ اسٹون نے 48 گیندوں پر 76 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

ان کا بھرپور ساتھ یو اے ای کےعلیشان شرفو نے دیا جنہوں نے 35 گیندوں پر 39 رنز اسکور کیے، جبکہ شیرفین ردرفورڈ نے آخری اوورز میں 14 گیندوں پر ناقابلِ شکست 24 رنز بنا کر اسکور کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔جواب میں ڈیزرٹ وائپرز نے ہدف کے تعاقب میں شاندار آغاز کیا۔ فخر زمان32گیندوں پر 44رنزاور میکس ہولڈن نے 43گیندوں پر 52رنز کے درمیان اہم اوپننگ شراکت نے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔

تاہم 12ویں اوور میں آندرے رسل نے ہولڈن کو آؤٹ کر کے میچ کا رخ موڑ دیا۔ بڑھتے دباؤ میں رسل نے فخر زمان کو بھی پویلین واپس بھیجا۔سنیل نارائن نے نہایت کفایتی بولنگ کرتے ہوئے اپنے چار اوورز میں صرف 23 رنز دیے، جبکہ آندرے رسل ، اجے کمار اور جیسن ہولڈر کی بروقت وکٹوں نے وائپرز کو قابو میں رکھا۔ آخری اوور میں 12 رنز درکار تھے، مگر اجے کمار نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے صرف 11 رنز دیے اور یوں نائٹ رائیڈرز نے ایک رن سے یادگار فتح اپنے نام کر لی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔