Saturday, December 13, 2025
ہومدنیاچین، متحدہ عرب امارات تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا عزم

چین، متحدہ عرب امارات تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا عزم

بیجنگ : چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید ال نہیان کے ساتھ ملاقات کی۔ہفتہ کے روزوانگ ای نے کہا کہ چین اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 40 سال سے زائد عرصے میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کا احترام اور تعاون کیا ہے اور بین الاقوامی تبدیلیوں سے قطع نظر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہترین طریقے سے ترقی کرتے رہے ہیں۔

چین متحدہ عرب امارات کے ساتھ بات چیت اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے ، دونوں ممالک کے سربراہان مملکت کے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد کرنے ، دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک اعتماد کو گہرا کرنے، باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو وسعت دینے اور روایتی دوستی کو آگے بڑھاتے ہوئے مشترکہ طور پر چین۔متحدہ عرب امارات جامع سٹریٹجک پارٹنرشپ کو اعلیٰ سطح کی جانب بڑھانا چاہتا ہے۔

وانگ ای نے زور دیا کہ چین متحدہ عرب امارات کے اپنے قومی حالات کے مطابق ترقی کے راستے پر چلنے کی حمایت کرتا ہے اور بین الاقوامی اور علاقائی معاملات میں متحدہ عرب امارات کے زیادہ کردار ادا کرنے کی حمایت کرتا ہے۔ امید ہے کہ متحدہ عرب امارات چین اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان فری ٹریڈ معاہدے کے مذاکرات کی جلد تکمیل کے لیے مثبت کردار ادا کرے گا۔ شیخ عبداللہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات چین کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور اپنی خارجہ پالیسی میں اسے اولین ترجیح دیتا ہے۔ متحدہ عرب امارات ایک چین کے اصول پر مضبوطی سے کاربند ہے اور بیرونی قوتوں کی جانب سے چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔فریقین نے مشرق وسطیٰ کے حالات سمیت دیگر مسائل پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔