سعودی عرب (خصوصی رپورٹ) اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے چیئرمین سید قمر رضا شاہ نے اپنے آئندہ دورۂ سعودی عرب کے بارے بتایا ۔ انہوں نے یہ بات اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن سعودی عرب کے صدر خالد نواز چیمہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
سید قمر شاہ نے کہا کہ ان کی دیرینہ خواہش ہے کہ وہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے براہِ راست ملاقات کریں، ان کے مسائل سنیں اور ان کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا، “بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے۔”
چیئرمین OPF نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی کارکن اپنی محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ذریعے نہ صرف اپنے خاندانوں بلکہ پاکستان کی معیشت کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایسے محنت کشوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا حکومت اور متعلقہ اداروں کی اہم ذمہ داری ہے۔
اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن سعودی عرب کے صدر خالد نواز چیمہ نے سید قمر رضا شاہ کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے آنے سے پاکستانی کمیونٹی کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے نئی راہیں کھلیں گی اور کمیونٹی کے ساتھ روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
