Sunday, December 14, 2025
ہوماوورسیزپاکستان کی پہلی بار ریڈ سی فلم فیسٹول میں شاندار شمولیت — سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کا خیرمقدم

پاکستان کی پہلی بار ریڈ سی فلم فیسٹول میں شاندار شمولیت — سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کا خیرمقدم

جدہ (رپورٹ: خالد نواز چیمہ)
سعودی عرب کے شہر جدہ میں 4 دسمبر سے شروع ہونے والے ریڈ سی فلم فیسٹول میں پاکستان پہلی بار باضابطہ طور پر شرکت کر رہا ہے۔ یہ پیش رفت سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے نہایت خوش آئند قرار دی جا رہی ہے۔ اس تاریخی شمولیت کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کی عملی مثال بھی کہا جا رہا ہے، جس کا مقصد مختلف ممالک کے عوام اور سعودی معاشرے کے درمیان ثقافتی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔

نوشین وسیم کی کاوشوں سے پاکستان کی شمولیت ممکن

جدہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نوشین وسیم—جو ایونٹ مینجمنٹ کے شعبے میں ایک معتبر نام ہیں—نے بتایا کہ پاکستان کی ریڈ سی فلم فیسٹول میں شمولیت ان کی طویل محنت اور موثر روابط کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ:

“پاکستانی بوتھ کے قیام کے لیے ایک سعودی کمپنی نے بھرپور تعاون کیا، جبکہ مقامی پاکستانی کمیونٹی نے بھی ہر ممکن مدد فراہم کی۔”

فیسٹول میں ستر سے زائد ممالک کے ہزاروں افراد شرکت کریں گے، جبکہ 100 سے زیادہ فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی

پاکستانی بوتھ میں فلم اور ٹیلی ویژن کے نمایاں فنکار شامل ہوں گے۔
نوشین وسیم نے بتایا کہ جدہ کی فعال بزنس کمیونٹی کی مدد سے تین معروف پاکستانی فنکاروں کی شرکت یقینی بنائی گئی ہے:

عتیقہ اوڈھو

تقی حیدر

شہزاد نواز

نوشین وسیم نے انکشاف کیا کہ فیسٹول سے قبل ہی ایک ترک فلم کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستانی اور سعودی فنکاروں پر مشتمل ایک مشترکہ فلم بنانے جا رہی ہے۔

پاکستانی کمیونٹی اور جرنلسٹس فورم کا کردار قابلِ تحسین

نوشین وسیم نے پاکستانی کمیونٹی، کاروباری شخصیات اور پاکستان جرنلسٹس فورم کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ وہ ہر قومی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی اور تشہیر کے لیے فعال کردار ادا کرتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔