Sunday, December 14, 2025
ہوماوورسیزجدہ: پاکستان انوسٹر فورم کے نومنتخب صدر چوہدری شفقت محمود دھول کی جدہ واپسی ؛ والہانہ استقبال ممبران اور سیاسی و سماجی رہنماؤں کی مبارکبادوں کا سلسلہ جاری

جدہ: پاکستان انوسٹر فورم کے نومنتخب صدر چوہدری شفقت محمود دھول کی جدہ واپسی ؛ والہانہ استقبال ممبران اور سیاسی و سماجی رہنماؤں کی مبارکبادوں کا سلسلہ جاری

جدہ (خالد نواز چیمہ ) پاکستان انوسٹر فورم کے نومنتخب صدر اور سعودی عرب کے معروف کاروباری و باوقار شخصیت چوہدری شفقت محمود دھول اپنے میڈیکل چیک اپ کے سلسلے میں پاکستان میں قیام کے بعد گزشتہ روز جدہ واپس پہنچے، جہاں فورم کے ممبران، سیاسی و سماجی رہنماؤں، کاروباری شخصیات اور صحافیوں نے اُن کے دفتر پہنچ کر اُن کی خیریت دریافت کی اور پھولوں کے گلدستے پیش کرتے ہوئے پرتپاک استقبال کیا۔

ممبران نے چوہدری شفقت محمود دھول کو پاکستان انوسٹر فورم کا صدر منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ فورم کے انتخابات کے دوران وہ پاکستان میں موجود تھے، تاہم اُن کے چاہنے والے، دوست احباب اور ساتھیوں نے دن رات محنت کرکے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا، جو اُن کی مقبولیت اور اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔

پاکستان اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن سعودی عرب کے صدر اور انوسٹر فورم کے فعال ممبر خالد نواز چیمہ نے بھی فورم کے سینیئر ممبران — معروف کاروباری شخصیت چوہدری محمد افضل، مبشر چیمہ، رفاقت چیمہ، عبداللہ افضل چیمہ اور عمران شیر گوندل — کی نمائندگی کرتے ہوئے چوہدری شفقت محمود دھول کی خیریت دریافت کی اور انہیں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

تقریب میں چوہدری شفقت محمود دھول کے بھائی اور گجرات کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری آصف محمود دھول بھی شریک تھے۔

چوہدری شفقت محمود دھول نے انوسٹر فورم کے تمام اراکین، دوستوں اور سپورٹرز کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری غیر موجودگی میں مجھے کامیاب کرانا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، اور میں اس اعتماد پر پورا اترنے کے لیے مکمل یکسوئی کے ساتھ کام کروں گا۔‘‘

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔