Thursday, May 7, 2026
ہومپاکستانکوروناسے مزید 69اموات ،این سی او سی نے پابندیوں کا دائرہ کار27شہروں تک بڑھا دیا

کوروناسے مزید 69اموات ،این سی او سی نے پابندیوں کا دائرہ کار27شہروں تک بڑھا دیا

اسلام آباد ،کورونا سے ایک دن میں مزید 69 افراد جان کی بازی ہار گئے، 3 ہزار909 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 21 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ایک دن میں مزید 69 افراد جاں بحق ہونے سے ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 25 ہزار 604 تک جا پہنچی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 62 ہزار 918 ٹیسٹ کیے گئے، ایک دن میں کورونا کے 3 ہزار 909 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔این سی اوسی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 52 ہزار 481 تک پہنچ گئی۔ سندھ میں 4 لاکھ 29 ہزار 422، پنجاب میں 3 لاکھ 89 ہزار 688، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 60 ہزار 759، اسلام آباد میں 98 ہزار 739، گلگت بلتستان میں 9 ہزار 855، بلوچستان میں 32 ہزار 157 جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں 31 ہزار 861 ہوگئی۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ 10 لاکھ 33 ہزار 373 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں، 517 مریض وینٹلیٹرز پر ہیں، 6 ہزار 173 مریض مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔دوسری طرف ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کے باعث نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر نے نئی ہدایات جاری کردی ہیں جس کے تحت کورونا ایس او پیز کا دائرہ کار 13 شہروں سے بڑھا کر 27 کردیا گیا ہے، ان 27 شہروں میں اسلام آباد، پنجاب کے 11( خانیوال، میانوالی سرگودھا ، خوشاب ، بہاولپور ، ملتان ، گوجرانوالہ ، راولپنڈی ، لاہور ، اور رحیم یار خان)سندھ میں حیدرآباد اور کراچی ، آزاد کشمیر میں مظفرآباد اور میرپور، گلگت بلتستان میں گلگت اور اسکردو جب کہ خیبر پختونخوا میں پشاور، سوات، ہری پور، مانسہرہ، لوئر دیر، صوابی ، ایبٹ آباد ، سوات، اور چترال لوئر شامل ہیں۔کورونا ایس او پیز کے تحت ضروری سروسز کے سوا تمام تجارتی سرگرمیاں رات آٹھ بجے بند کر دی جائیں گی، ہفتے میں دو دن تمام مارکیٹس بند رہیں گی تاہم دنوں کا تعین صوبوں کی صوابدید رہے گا،ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی ہوگی، رات 10 بجے آئوٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی جب کہ ٹیک اوے کی سروس 24 گھنٹے کھلی رہے گی۔این سی او سی کے مطابق انڈور شادیوں کی تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی تاہم آئوٹ ڈور شادی کی تقریبات کی 300 مہمانوں کے ساتھ اجازت ہوگی۔ آئوٹ ڈور شادیوں کی تقریبات کے اوقات رات 10 بجے تک برقرار رہی گے، مزارت پرزائرین کی آمد پر پابندی جاری رہے گی،سنیما گھروں اور کنٹیکٹ کھیلوں (کراٹے ، باکسنگ ، مارشل آرٹس ، رگبی ، واٹر پولو ، کبڈی اور ریسلنگ)پر عائد پابندی جاری رہے گی،صرف ویکسینیٹڈ افراد ہی انڈور جم جا سکیں گی۔نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر کی ہدایت کے مطابق سرکاری اور نجی دفاتر کے لیے عام دفتری اوقات کار 50 فیصد کے ساتھ جاری رہیں گے۔ پبلک ٹرانسپورٹ پر سواریوں کی شرح 50 جبکہ ریل سروس 70 فیصد سواریوں کے ساتھ جاری رہے گی۔ تفریحی پارکس اور سوئمنگ پولز کی بندش برقرار رہے گی تاہم عوامی پارکس میں کورونا پروٹوکول کے ساتھ داخلے کی اجازت ہوگی، ملک بھر میں تعلیمی ادارے 50 فیصد حاضری اور تعطل کے ساتھ ہفتہ میں تین روزکھلے رہیں گے، این سی اوسی اپنی نافذ کردہ ایس او پیز پر 13 ستمبر کو نظر ثانی کرے گا۔ادھر محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا ایس او پیز کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کردیا ہے، جس کے تحت کراچی ڈویژن او حیدرآباد میں پابندیاں برقرار رکھی جائیں گی، جب کہ صوبے بھر میں تفریحی پارک، واٹر پارک، سوئمنگ پول کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے، نیا حکم نامہ یکم سے 15 ستمبر تک نافذالعمل رہے گا۔محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں شادی بیاہ کی انڈور تقریبات، انڈور ڈائننگ پر پابندی برقرار رہے گی، تاہم آئوٹ ڈور ڈائننگ کی رات 10 بجے تک اجازت ہوگی، آئوٹ ڈور شادی بیاہ کی تقریبات کیلئے 3 سو مہمانوں کے ساتھ رات 10 بجے تک اجازت ہوگی اور صرف ویکسین کے حامل افراد کے لئے رات 12 بجے تک انڈور اور آئوٹ ڈور ڈائننگ کی سہولت ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں کاروباری اوقات رات 8 بجے تک ہوں گے، جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں کاروباری اوقات رات 10 بجے تک ہوں گے، کراچی میں ہفتہ وار سیف ڈیز جمعہ اور اتوار، حیدرآباد میں جمعہ اور ہفتہ جب کہ دیگر اضلاع میں صرف جمعہ کا دن سیف ڈے ہوگا، بنیادی اشیا ضروریہ اور ادویات کی دکانوں کو ہفتے کے سات روز کھولنے کی اجازت ہوگی، جب کہ 24 گھنٹے کھلنے والے کاروبار میں بھی اعلان کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی ہوگا ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔