اسلام آباد(آئی پی ایس ) جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث نظام زندگی در ہم برہم ہوگیا۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کی وجہ سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی کے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ ایم ڈی واسا راجا شوکت کے مطابق اسلام اباد میں بارش کم ہونے سے نالہ لئی کی سطح 10 فٹ سے زیادہ بلند نہیں ہوئی، اسلام آباد کے مقابلے میں راولپنڈی بارش زیادہ ہوئی، اور محکمہ موسمیات کے مطابق 111 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔شدید بارش کے باعث جی ٹی روڈ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا، روات کے مقام پر گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے، جب کہ راولپنڈی اسلام آباد آنے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ کینٹ کے سیوریج نالوں سے طغیانی نشیبی رہائشی آبادیوں کو اپنی لپیٹ میں لیا رکھا ہے اور کرسچن کالونی مکمل طور پر ڈوب گئی ہے۔ دوسری جانب شمالی علاقوں میں شدید بارش کے بعد تربیلا ڈیم بھرنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ ارسا ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیم بھرنے میں پانی کی سطح 4 فٹ رہ گئی، اور ڈیم میں پانی کی آمد ایک لاکھ 91 ہزار کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 56 ہزار کیوسک ہے، ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 56 لاکھ ایکڑ فٹ ہے اور اگر صورتحال یہی رہی تو آئندہ 5 دنوں میں تربیلا ڈیم بھر جائے گا۔ ارسا کا کہنا ہے کہ دریاؤں میں پانی کا مجموعی بہاہ 2 لاکھ 94 ہزار کیوسک ہوگیا ہے، اور ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ ایک کروڑ ایکڑ فٹ ہے۔ بارشوں کے باعث ملک کا دوسرا بڑا منگلا ڈیم نہیں بھر سکا، منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1199 فٹ ہے اور ڈیم بھرنے میں پانی کی سطح 43 فٹ رہ گئی۔ دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر پانی کی آمد 22 ہزار کیوسک جب کہ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 62 ہزار کیوسک ہے۔ راولپنڈی میں بارش کا پانی ٹیپو روڈ، مسلم کالونی، صادق آباد، لیاقت باغ اور کمیٹی چوک سے ملحقہ علاقوں میں جمع ہوگیا ہے جبکہ کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں بھی داخل ہو گیا ہے۔ شہر میں ہونیوالی موسلادھار بارش کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال میں بھی پانی داخل ہوگیا۔ وارڈز میں پانی داخل ہونے سے مریضوں اور لواحقین کو پریشانی کا سامنا ہے۔ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کا لیول 6 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 4 فٹ ہے۔ان کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کے لیے واسا کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں موجود ہیں جبکہ نشیبی علاقوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھی عملہ موجود ہے۔دوسری جانب وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ فوری نکاس آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، افسران فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کریں۔تاہم اسلام آباد میں بھی مختلف علاقوں میں رات سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد شہر میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
جڑواں شہروں میں بارش سے نظام زندگی ابتر
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
