پشاور(آئی پی ایس) خیبرپختونخوا میں طوفانی بارش اور سیلاب نے نظام زندگی تہس نہس کردیا۔ آبی ریلوں اور آسمانی بجلی گرنے سمیت مختلف حادثات میں 46 افراد جاں بحق اور درجنوں لاپتہ ہوگئے۔ سڑکوں اور گھروں سمیت املاک کو بڑا نقصان پہنچا۔
خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے اور کلاؤڈ برسٹ سے جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہوگئی جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے ۔ حادثے میں کئی مکان تباہ ہوگئے۔
ضلع باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کےعلاقہ جبراڑئی میں رات تقریباً 12 بجے بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے سے کئی مکان تباہ ہوگئے ہیں ۔ متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
بٹگرام میں سیلاب سے 6 سے 8 مکانات تباہ ہوگئے۔ 30 سے 40 افراد آبی ریلوں میں بہہ گئے۔ 10 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔ دیگر تاحال لاپتہ ہیں۔
مانسہرہ میں بٹل کے پہاڑی گاؤں ڈھیری حلیم میں کلاؤڈ برسٹ سے متعدد افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق سیلابی ریلہ 5 مکانوں کو بہا کر لے گیا۔ 9 افراد کی لاشوں کو ریلے سے نکال لیا گیا۔ بڑی تعداد میں مال مویشی بھی پانی میں بہہ گئے۔
دوسری جانب مانسہرہ میں کار برساتی نالے میں بہہ گئی۔ دوافراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، لوئردیر میں موسلادھار بارش سے مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔
سوات میں ندی نالوں میں طغیانی کے باعث تحصیل مٹہ میں کئی مقامات پر راستے بند ہوگئے۔ لینڈ سلائیڈنگ سے مالم جبہ روڈ بھی بند ہوگیا۔ دریائے سوات اور دریائے پنجکوڑہ میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سرن اور دریائے کنہار میں بھی پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہورہا ہے۔
سوات مینگورہ میں ندی کا پانی آبادی میں داخل ہوگیا۔ مارکیٹیں اور مکانات پانی میں ڈوب گئے۔ متعدد گاڑیاں بھی پانی کی زد میں آگئیں۔

