کراچی(سب نیوز) سندھ حکومت نے یوم آزادی پر گاڑی، دکان یا عمارت کی بہتر سجاوٹ پر انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ 5اگست کو کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے خلاف ایونٹ ہوگا جب کہ خصوصی افراد کیلئے بھی ایک بڑا ایونٹ کریں گے، ہم چاہتے ہیں کراچی، حیدرآباد اور سکھر کے کانسرٹس میں لوگ زیادہ شرکت کریں۔
انہوں نے کہاکہ کراچی جشن آزادی کی تقریبات میں سب سے آگے ہوگا، جشن آزادی کے حوالے سے مشاعرہ ہوگا، رکشہ ریلی کا بھی پروگرام ہے، انسانی جھنڈہ بھی بنایا جائیگا، تمام شہریوں کو شرکت کی دعوت ہے جب کہ یوم آزادی پر گاڑی، دکان یا عمارت کی بہتر سجاوٹ پر انعام دیا جائے گا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ونٹیج کار اور ہیوی بائیکس کی ریلیاں کرانے کی کوشش کریں گے، خواتین کے میلے ہوں گے اور پینٹنگ کے مقابلے ہوں گے، محکمہ ثقافت کو گائیگی کے مقابلے کرانے کی بھی ہدایت کی ہے، 9 سے 11 اگست تک شاہ عبداللطیف بھٹائی کا میلہ ہے، اس میں بھی جشن آزادی کا رنگ نظر آئیگا۔
وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ آئی جی اور ڈی آئی جی ٹریفک کو ٹریفک پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی ہے، عوام بھی تعاون کریں ، یہ پاکستان کی خاطر ریلیاں ہوں گی، تھوڑی تکلیف کو درگزر کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو جشن آزادی کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں، سیاسی جماعتوں کو باضابطہ دعوت نامے بھی ارسال کیے جائیں گے جب کہ تقریبات کے دوران اسکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، محکمہ تعلیم اپنے پروگرامات ترتیب دے رہا ہے۔
سندھ حکومت کا یوم آزادی پر گاڑی، دکان یا عمارت کی بہترین سجاوٹ پر انعام دینے کا اعلان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
