Tuesday, July 8, 2025
ہومبریکنگ نیوزسندھ کابینہ نے ڈی ایچ اے کو پانی پہنچانے کے لئے منصوبوں کی منظوری دے دی

سندھ کابینہ نے ڈی ایچ اے کو پانی پہنچانے کے لئے منصوبوں کی منظوری دے دی

کراچی (سب نیوز )وزیراعلی مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اہم اجلاس جاری ہے جس میں پنشن اصلاحات، ڈی ایچ اے کو پانی پہنچانے کے لئے منصوبوں سمیت کئی اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔ترجمان وزیراعلی سندھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ ڈی ایچ اے کو صرف 4 تا 5 ایم جی ڈی پانی ملتا ہے جب کہ 15 ایم جی ڈی پانی کی ضرورت ہے۔

36 کلومیٹر پائپ لائن بچھانے سے ڈی ایچ اے کو 10 ایم جی ڈی پانی ڈملوٹی سے مہیا ہو سکے گا۔بریفنگ کے بعد سندھ کابینہ نے ڈی ایچ اے کو پانی پہنچانے کے لئے پمپنگ اسٹیشن، فلٹریشن پلانٹ اور حوض بنانے کی منظوری دے دی۔اس کے علاوہ سندھ کابینہ نے واٹر بورڈ کو ڈملوٹی پروجیکٹ کے لئے 10.56 ارب روپے بلاسود قرض دینے کی منظوری بھی دی۔

ترجمان وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کابینہ نے پنشن اصلاحات کی بھی منظوری دی، پنشن اصلاحات کا نوٹیفکیشن محکمہ خزانہ جاری کرے گا، اس کے علاوہ کابینہ نے لیبر ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی کم از کم اجرت کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اجرت کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے قبل تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔

سندھ کابینہ نے زرعی انکم ٹیکس رولز کی منظوری دے دی ، نئے قواعد کے تحت زمیندار ایس آر بی کے ساتھ رجسٹریشن کا پابند ہوگا۔ کابینہ نے چیئرمین ہیومن رائٹس کمیشن اقبال ڈیتھو کے خلاف الزامات کی جانچ کے لیے سب کمیٹی قائم کر دی، سب کمیٹی میں وزیر قانون، وزیر ایکسائیز اور معاونِ خصوصی برائے انسانی حقوق شامل ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔