Monday, July 7, 2025
ہومبریکنگ نیوزحوالدار لالک جان شہید:کسی بھی محاذ پر آخری لمحے تک بہادری و دفاع کی اعلیٰ ترین مثال

حوالدار لالک جان شہید:کسی بھی محاذ پر آخری لمحے تک بہادری و دفاع کی اعلیٰ ترین مثال

اسلام آباد(آئی پی ایس) کارگل جنگ کے عظیم ہیرو حوالدار لالک جان کا آج یومِ شہادت منایا جا رہا ہے۔ وطن کی خاطر ان کی قربانی کو کسی بھی محاذ پر آخری لمحے تک بہادری و دفاع کی اعلیٰ ترین مثال قرار دیا جاتا ہے۔

مئی1999میں دشمن پڑوسی بھارت ایک بڑی جارحانہ کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا تھا اور حوالدار لالک جان کمپنی ہیڈ کوارٹر میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے جنگ کے اگلے محاذ پر لڑنے کے لیے اپنی خدمات رضاکارانہ طور پر پیش کیں ۔

مٹھی بھر ساتھیوں کے ہمراہ حوالدار لالک جان نے نہ صرف اپنی پوسٹ کا کامیابی سے دفاع کیا بلکہ دشمن کے متعدد حملوں کو ناکام بنا کر اُسے بھاری جانی نقصان بھی پہنچایا۔

7جولائی کو دشمن تمام دِن حوالدار لالک جان کی پوسٹ پر گولوں سے آگ بر ساتارہا اور پھر اُسی رات 3 مختلف اطراف سے حملہ بھی کر دیا، جس میں حوالدار لالک جان شدید زخمی ہو گئے، تاہم انہوں نے اس کے باوجود محاذِ جنگ سے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا۔ حوالدار لالک جان کے جوابی حملے میں دشمن کو بھاری نقصان کے ساتھ منہ کی کھانا پڑی۔
بعد ازاں حوالدار لالک جان دفاع وطن کا عظیم فریضہ سر انجام دیتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہو گئے۔

دُشمن کی بے شمار تحریریں بھی اس با ت کا بر ملا اعتراف کرتی ہیں کہ ’’یہ کسی بھی محاذ پر آخری فرد تک بہادری کے ساتھ دفاع کی اعلیٰ ترین مثال تھی۔‘‘

حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کا 26 واں یوم شہادت، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لالک جان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے بھی لالک جان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لالک جان شہید نے کارگل جنگ کے دوران مادر وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کیا، شہدا پاکستان کے مادر وطن کے دفاع کے مشن کو جرات، عزم اور وقار کے ساتھ جاری رکھیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 1999ء میں آج کے دن حوالدار لالک جان شہید نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے حملوں کو بے خوفی سے پسپا کیا اور شدید زخمی ہونے کے باوجود اپنی پوسٹ کا دفاع کیا، انخلاء سے انکار کرتے ہوئے وہ اس وقت تک لڑتے رہے جب تک کہ اس نے فرض کی ادائیگی میں شہادت قبول نہیں کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افواج پاکستان اور قوم ان کی قربانی کو بے پناہ احترام اور تشکر کے ساتھ یاد کرتی ہے، ان کی میراث پاکستان کی مسلح افواج کی موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے، ہم شہداء کی مقدس امانت کو برقرار رکھنے اور مادر وطن کے دفاع کے شہداء پاکستان کے مشن کو جرات، لگن اور غیرت کے ساتھ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا خراجِ عقیدت
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید کی بے مثال بہادری، جرأت اور قربانی کو سلام پیش کیا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ قوم آج کارگل جنگ کے عظیم ہیرو حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کی جرأت اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ لالک جان شہید نے شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے حملے روکے اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ۔
صدر زرداری نے کہا کہ شہید کی بہادری اور حب الوطنی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ لالک جان شہید کی قربانی آئندہ نسلوں کے لیے جرأت و عزم کی روشن مثال ہے۔ ہم اپنے بہادر سپوت لالک جان شہید کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں ۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ قوم کو اپنے عظیم سپوت لالک جان شہید کی قربانی پر فخر ہے ۔ لالک جان شہید کی قربانی پاکستان کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کارگل جنگ کے دوران وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے حوالدار لالک جان شہید (نشان حیدر) کے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور وطن کی خاطر عظیم قربانی دی۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ دشمن کے حملے حوالدار لاک جان شہید کے حوصلے پست نہ کر سکے۔ ان کی بہادری، شجاعت اور فرض شناسی نسل نو کے لیے ایک قابل تقلید مثال ہے۔ پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ افواج پاکستان کے شہدا اور ان کے اہل خانہ مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہیں۔ وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نے بے مثال جرات سے دفاع وطن کا روشن باب رقم کیا۔ لالک جان کی داستان شجاعت رہتی دنیا تک قوم کا فخر اور تاریخ کا اثاثہ رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کے سامنے سینہ سپر رہنے والا یہ سپاہی مادرِ وطن کی سرحدوں کا ناقابل فراموش نگہبان بن کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گیا۔ اگلے مورچوں پر جا کر دشمن کے سامنے ڈٹ جانے والے اس جوان نے بہادری اور حب الوطنی کی اعلیٰ ترین مثال قائم کی۔
ملک بھر میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام
دوسری جانب حوالدار لالک جان شہید (نشان حیدر) کے 26ویں یومِ شہادت پر ملک بھر کی مساجد میں قران خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر علمائے کرام نے شہید کے درجات کی سربلندی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔

علمائے کرام نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کے احسانات کو فراموش نہیں کرتیں۔ شہدا کا لہو اور قربانیاں ہم پر قرض ہیں۔ اپنے شہدا کی تکریم ہر ایک پر لازم ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا۔ شہید ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں اور اپنے رب کی بارگاہ سے رزق پاتے ہیں۔ شہدا کی قربانیاں درس دیتی ہیں کہ وطن کی حفاظت اور محبت میں جانوں کا نذرانہ دینا بھی خوش نصیبی ہے۔ شہید حوالدار لالک جان دھرتی کا بہادر بیٹا تھا جو ہمیشہ ہر دل میں زندہ رہے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔