سوات (سب نیوز)سانحہ دریائے سوات کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں ذمہ داری کا سارا ملبہ سیاحوں پر ڈال دیا گیا ہے، کمشنر مالاکنڈ کی جانب سے اہم انکشاف سامنے آیا ہے کہ دریائے سوات کا رخ تعمیراتی کام کے باعث تبدیل کیا گیا تھا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پانی کا بہا ودوسری جانب موڑنے سے جائے حادثہ پر سطحِ آب کم ہوگئی، جس کے باعث سیاح اس مقام تک پہنچ گئے، دوسری جانب حکومتی نمائندے بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس امدادی کارروائی کے لیے ہیلی کاپٹر تو تھا لیکن وہ چھوٹا تھا۔
کمشنر ملاکنڈ کی جانب سے سانحہ سوات کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ صوبائی تحقیقاتی ٹیم کو ارسال کر دی گئی ہے، جس میں کئی اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سانحہ کے مقام پر دریا کی سطح کم تھی اور سیاح محفوظ سمجھ کر وہاں پہنچے تھے، تاہم افسوسناک واقعے سے قبل تعمیراتی کام کے باعث دریا کا پانی دانستہ طور پر موڑا گیا تھا جس سے خطرہ بڑھ گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیلابی خطرات کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا تھا اور سیلاب کنجنٹنسی پلان 2025 مئی میں تیار کر لیا گیا تھا۔ اس کے باوجود واقعہ رونما ہوا، جس پر کئی سوالات جنم لے رہے ہیں۔
کمشنر ملاکنڈ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ خراب موسم کے بارے میں متعدد مرتبہ وارننگز موصول ہوئیں جنہیں متعلقہ اداروں کو پہنچا بھی دیا گیا تھا۔ مزید کہا گیا کہ ممکنہ ایمرجنسی کی صورت میں افسران کو ڈیوٹیاں پہلے ہی تفویض کی جا چکی تھیں اور دریا کنارے تجاوزات کے خلاف کارروائی کا فیصلہ بھی سیلاب سے پہلے کیا جا چکا تھا۔رپورٹ میں یہ دعوی بھی کیا گیا ہے کہ 2 جون سے ملاکنڈ ڈویژن میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی تھی، جس کے تحت دریا میں نہانے اور کشتی رانی پر مکمل پابندی عائد تھی۔ رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ سانحے سے قبل ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کی جانب سے الرٹس کے باوجود مکمل عملدرآمد نہ ہونے کی وجوہات کا مزید جائزہ لیا جا رہا ہے۔
تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ آیا پابندیوں کے باوجود سیاح جائے حادثہ تک کیسے پہنچے اور مقامی سطح پر کن ذمہ داران کی غفلت کا عنصر شامل تھا۔ صوبائی تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کی روشنی میں مزید چھان بین میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ آئندہ چند دنوں میں سامنے آ سکتا ہے۔سانحہ سوات پر ہر کوئی غم زدہ ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ سانحہ جن سرکاری محکموں کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا، ان سب کو سخت سزا دی جائے۔
دوسری جانب ڈی جی ریسکیو شاہ فہد انکوائری کمیٹی میں پیش ہوئے، کمیٹی نے ڈی جی ریسکیو شاہ فہد سے دو اہم سوالات کئے کہ واقعے کے دوران آپ کہاں تھے؟ اور اورسیلاب میں پھنسے افراد کو بچانے کے لیے کیا کیا؟۔کمیٹی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈی جی ریسکیو نے کہا کہ واقعے کے وقت میں پشاور میں تھا 27 جون کو سوات کے مختلف حصوں میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے آپریشنز کئے گئے۔ ریسکیو آپریشن کے دوران درجنوں افراد کو بچایا گیا۔فہد شاہ نے مزید بتایا کہ 9 بج کر 45 منٹ پر کال موصول ہوئی، ایمبولینس موقع پر پہنچی تاہم ایمرجنسی کی نوعیت الگ تھی، اس لئے واقعے کی جگہ پر غوطہ خور، کشتی اور دیگر سامان بھیجا گیا۔
سانحہ دریائے سوات کی تحقیقاتی رپورٹ میں سارا ملبہ سیاحوں پر ڈال دیا گیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔