Friday, May 8, 2026
ہومپاکستانخواتین سے بدسلوکی کی ایک اور ویڈیو وائرل

خواتین سے بدسلوکی کی ایک اور ویڈیو وائرل

لاہور،لاہور میں خواتین سے دست درازی کی ایک اور ویڈیو وائرل ہوگئی، لڑکوں کے گروپ نے لڑکی سے بدتمیزی کی پھر فیملی سے الگ کر کے تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
لاہور میں خواتین سے بدتمیزی اور دست درازی کی نئی ویڈیو سامنے آگئی۔ منچلوں کا ایک ہجوم فیملی کے ساتھ آئی لڑکی کو تشدد کا نشانہ بھی بناتا رہا،خاتون اور دیگر افراد لڑکی کو بچانے کی کوشش کرتے رہے، متاثرہ لڑکی نے بڑی مشکل سے اپنی جان چھڑائی۔اس سے پہلے رکشہ میں سوار خواتین کو بھی ہراساں کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی، لاری اڈہ پولیس نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔ہراسانی، دست درازی اور بدتمیزی کی ان ویڈیوز پر ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ملزمان بچ نہیں پائیں گے، موٹر سائیکل پر ایک باپردہ خاتون سے بدتمیزی کی ویڈیو 2015 کی ہے۔دوسری طرف مینار پاکستان پر ہونے والے ناخوشگوار واقعے کے بعد تحقیقات میں 66 ملزم گرفتار کر لیے گئے، 300 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ ہو رہی ہے، جبکہ 70 افراد کی شناخت ہو گئی ہے۔ راوی روڈ میں پولیس نے ویڈیو بنانے اور غیراخلاقی حرکت کرنے والے ملزمان کی شناخت کر لی۔ پولیس نے جیوفینسنگ کی مدد سے 791 فون نمبرز شارٹ لسٹ کرلئے۔ ضلع کچہری کی عدالت نے 40 ملزمان کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھجوا دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزموں کو نادرا کی ویڈیوز اور زیر حراست ملزموں کی مدد سے شناخت کیا گیا۔ میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد ملزمان جھنگ، سرگودھا اور دیگر اضلاع میں فرار ہو گئے تھے۔ذرائع کے مطابق ٹک ٹاکر عائشہ بیگ کے ساتھی ریمبو کابھی میڈیکل کروا لیا گیا۔ عائشہ اور اس کے ساتھی ریمبو کا بیان سی آئی اے پولیس نے ریکارڈ کرلیا۔ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد مقدمہ میں مزید دفعات شامل کی جا سکتی ہیں۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس نے 300 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی، 100 سے زائد افراد کو ابتدائی تفتیش کے لئے تحویل میں لیا گیا۔ پولیس نے گرفتار 40 ملزمان کو ضلع کچہری کی عدالت میں پیش کر دیا۔ عدالت نے 40 ملزمان کو شناخت پریڈ کے لئے جیل بھجوا دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔