اسلام آباد،سپریم کورٹ نے صحافیوں کو ہراساں کرنے کا نوٹس لے لیا۔تفصیلات کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس جمال خان مندو خیل پر مشتمل دو رکنی بنچ نے صحافیوں پر مبینہ حملوں اور مقدمات کے خلاف درخواست پر سماعت کی، درخواست پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ، صحافی عمران شفقت، عبدالقیوم صدیقی، عامر میر اور امجد بھٹی کی جانب سے دائر کی گئی۔عدالت نے درخواست پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی اسلام آباد، سیکریٹری داخلہ کو رپورٹس کے ہمراہ ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، جبکہ سیکرٹری انفارمیشن، سیکریٹری اطلاعات، سیکریٹری وزارت انسانی حقوق کو بھی رپورٹس کے ہمراہ ذاتی حثیت میں طلب کرلیا گیا۔سپریم کورٹ نے صحافتی تنظیموں سی پی این ای، اے پی این ایس، پی بی اے، پی ایف یو جے کو بھی نوٹسز جاری کردیئے، جبکہ صحافیوں پر ہونے والے حملوں اور مقدمات کی پیش رفت رپورٹس بھی طلب کر لیں، عدالت نے سیف سٹی پروجیکٹ کی فوٹیج اور خرچے کی تفصیلات بھی طلب کرلیں، جب کہ وزارت اطلاعات سے ایک سال کے اشتہارات اور اس سے مستفید ہونے والوں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔عدالت نے حکم دیا کہ تمام تحریری جوابات 26 اگست تک جمع کرائے جائیں، کیس کو اسی بنچ کے سامنے 26 اگست کو فکس کیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آرٹیکل 184(3) کے تحت سپریم کورٹ نے عوامی مفاد میں نوٹس لیا، صحافیوں کو حراساں کرنا اور ان کی آزادی رائے کا بنیادی حق تلف کرنا عوامی مفاد کا مسئلہ ہے۔
صحافیوں کو ہراساں کرنے کا نوٹس لے لیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
پچھلی خبر
اگلی خبر
